پاکستان آذر بائیجان کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، صابر علی بلوچ

منگل 27 جنوری 2015 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) قائمقام چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ ان دوستانہ تعلقات کواقتصادی ، تجارتی اور بین الپارلیمانی سطح پر مزید وسعت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار قائمقا م چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ نے آذربائیجان کے سفیر مسٹر دشگن سکارووکے اعزاز میں منگل کے روز مقامی ہوٹل میں دیئے گئے ظہرانے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ظہرانے میں سینیٹرز سیف اللہ خان مگسی اور ملک محمدرفیق رجوانہ کے علاوہ فرسٹ سیکرٹری آذربائیجان مسٹر الحام ، ترکمانستان کے سفیر آتد جان مولامو ، جاپان کے سفیر ہروشی اینو ماتا ،ملائیشیا کے سفیر ہسرل ثانی مجتبار ، کیوبا کے سفیر مسٹر جیزز،اور دیگر اہم شخصیات جن میں شاہد صادق ،افضال قادر ،خالد رحمان ،مس آمنہ ملک ،سابقہ رکن قومی اسمبلی نسرین چانڈیو شامل تھے ۔

(جاری ہے)

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان تاریخی و ثقافتی لحاظ سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک نے بین الاقوامی فورم پر نہ صرف ایک دوسرے کے نقطہ ء نظر کی حمایت کی ہے بلکہ ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ بھی دیا ہے ۔آذربائیجان کے سفیر مسٹر دشگن سکاروو نے سینیٹر صابر علی بلوچ کے خیالات کے اتفاق کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی سطح پر دونوں ممالک میں تعاون مثالی ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں بھی مزید وسعت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں مسٹر دشگن سکاروونے اس اُمید کا اظہا رکیا کہ مستقبل میں بھی دوستانہ تعلقات اور تعاون جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :