سندھ ہائی کورٹ نے شہر کے مختلف علاقوں سے بیریئر نہ ہٹائے جانے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری کو طلب کرلیا

منگل 27 جنوری 2015 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں سے بیریئر نہ ہٹائے جانے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ کو تفصیلات کے ہمراہ ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس محمد اقبال کلہوڑ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔عدالت نے 8اگست 2014کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت سندھ اور دیگر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے 3فروری کو چیف سیکرٹری سندھ کو شہر کے مختلف علاقوں میں بیریئرز کے حوالے سے مکمل تفصیلات کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گذار رانا فیض الحسن نے موقف اختیار کیا تھاکہ سکیورٹی کے نام پر شہر کے 90فیصد علاقوں کی گلیوں کو بیریئر لگاکر بند کردیا گیا ہے ،جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔عوام کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مختلف علاقوں کو نوگوایریا بنادیاگیا ہے ۔گلیوں اور شاہراہوں پر بیریئرز لگنے کے باعث دیگر ٹریفک کے ساتھ ایمبولینس بھی ان علاقوں میں داخل نہیں ہوسکتی ہیں ۔عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کراتے ہوئے فوری طور پر شہر سے بیریئرز ہٹانے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :