فاٹاسیکرٹریٹ قبائلیوں علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کوبروقت تکمیل یقینی بنائیں،سردارمہتاب، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی تاخیر،رکاوٹ اور بدعنوانی برداشت نہیں کی جائیگی،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 27 جنوری 2015 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء)گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے فاٹاسیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ فاٹامیں جاری ترقیاتی سکیموں کو رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کی خاطر کام کی رفتار میں تیزی لانے کے سلسلے میں نئی تجاویز اوراقدامات کو بروئے کارلائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو خبردارکیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی تاخیر،رکاوٹ اور بدعنوانی برداشت نہیں کی جائیگی اورکہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں وسائل کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے۔

وہ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹا میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ششماہی جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان، سیکرٹری فنانس فاٹا، سیکرٹری پی اینڈڈی فاٹا، چیف اکناموسٹ پی اینڈ ڈی فاٹا، ایڈیشنل ڈ ی جی پراجیکٹ فاٹا، ایڈیشنل سیکرٹری اے آئی اینڈ سی فاٹا،فاٹاسیکرٹریٹ کے تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، تمام پولیٹیکل ایجنٹس اوردیگرمتعلقہ حکام سمیت پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ڈاکٹرفخرعالم نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فاٹا محمدطارق نے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال 2014-15 کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ 991 ترقیاتی سکیموں میں 595 جاری اور 346 نئی سکیمیں ہیں ۔ 15372 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونیوالی ان سکیموں کیلئے 5289.83 ملین روپے کے فنڈز ابھی تک جاری کئے جاچکے ہیں یوں 31 دسمبر2014 تک ان منصوبوں پر 47 فیصد اخراجات کئے جاچکے ہیں ۔

بریفنگ میں مختلف شعبوں اور مختلف ایجنسیوں میں جاری کاموں کی تفصیل سے بھی گورنر کوآگاہ کیاگیا۔ اس موقع پر گورنرنے فاٹا کے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ 30 جون تک 100 فیصدفنڈزکے استعمال کویقینی بنائیں اور یہ بھی ہدایت کی کہ وہ محکمہ جاتی جائزہ اجلاس منعقدکیاکریں اور محکمہ ورکس اینڈسروسز سے بھی کام کی رفتار کے حوالے سے رابطہ رکھیں۔

گورنرنے کہاکہ فاٹامیں حقیقی ترقی کی ضرورت ہے اس لئے حکام اس حوالے سے ترقیاتی سرگرمیوں پرعملدرآمدکی رفتار تیز کریں تاکہ جاری منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اس لئے ان کی جلدازجلد ترقی وقت کا تقاضا ہے اور اس حوالے سے کسی بھی سستی یا فنڈزکی عدم دستیابی کو رکاوٹ نہ بنایاجائے اور وسائل کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے۔

گورنرنے کہاکہ منصوبہ بندی میں متعلقہ علاقوں کی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظررکھ کر ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے۔گورنرنے یہ بھی ہدایت کی کہ قبائلی عوام کی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے ترقی سے محروم رہنے والے شعبوں کوآئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کاحصہ بنایاجائے۔ دریں اثناء گورنرنے پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں حکومت کے وجود کا اظہار کرتے ہوئے آزادانہ طور پر اعتماد کے ساتھ کام کریں اور عوام کے اعتماد کو بھی بحال کریں اور اچھی حکمرانی کیلئے اپنے سوچ اور رویوں میں تبدیلی لائیں۔

انہوں نے کہاکہ پولیٹیکل انتظامیہ پرکسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالاجائیگاتاہم ان کی کارکردگی پرنظر رکھی جائے گی۔ گورنرنے فاٹا کے متعلقہ حکام پرزوردیا کہ وہ مقامی لوگوں کو علاقائی ترقیاتی پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبے دیں۔