فیس بک ہیک نہیں ہوئی، انتظامیہ نے تردید کر دی

منگل 27 جنوری 2015 19:57

فیس بک ہیک نہیں ہوئی، انتظامیہ نے تردید کر دی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جنوری۔2015ء) مشہور سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ فیس بک اور انسٹاگرام کو ”لیزرڈ گروپ“ کی جانب سے ہیک کر لیا گیا ہے۔ فیس بک حکام کا کہنا ہے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک اور انسٹاگرام ہیک نہیں ہوئی بلکہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث لوگ اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ منگل کی صبح امریکہ، یورپ اور ایشیائی ممالک کے صارفین کو تقریباً ایک گھنٹے تک فیس بک تک رسائی حاصل نہ ہو سکی جس پر ”لیزرڈ گروپ“ نامی ہیکرز کے گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس نے فیس بک پر حملہ کیا جس کے باعث ویب سائٹ ڈاﺅن ہو گئی تاہم فیس بک نے ان باتوں کی تردید کردی ہے۔ فیس بک حکام کی جانب سے جاری بیان میں فیس بک کے ہیک ہونے کی خبروں کی تردید کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ایک نیا فیچر ایڈ کیا جس کے باعث ان کا سرور ڈاﺅن ہوا جبکہ کسی بھی ہیکر کی جانب سے ان کی سائٹ پر حملے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محض 1 گھنٹے کی بندش نے ہی لوگوں کو مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جانے پر مجبور کر دیا اور لوگ فیس بک کی خرابی سے متعلق دلچسپ مذاق بھی شیئر کرتے رہے۔

متعلقہ عنوان :