قومی وطن پارٹی نے پاک چائنا تجارتی راہداری روٹ میں تبدیلی کرنے بارے تحریک التویٰ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمع کرادیا،روٹ کی تبدیلی سے دہشت گردی سے متاثرہ ،پسماندہ علاقے مزید متاثر ،تجارتی و معاشی خوشحالی کے مواقع ختم ہونگے،سکندرشیرپاؤ

منگل 27 جنوری 2015 19:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) قومی وطن پارٹی نے کاشغر سے گوادرتک پاک چائنا تجارتی راہداری کا روٹ تبدیل کرنے کے حوالے تحریک التویٰ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمع کرادیا۔

(جاری ہے)

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین و پارلیمانی لیڈر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے پاک چائنا ٹریڈ روٹ کی مجوزہ تبدیلی کے حوالے تحریک التویٰ صوبائی اسمبلی میں جمع کردیا جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ روٹ کی تبدیلی سے دہشت گردی سے متاثرہ اور پسماندہ علاقے مزید متاثر ہوں گے اور اس روٹ سے وہاں پرتجارتی و معاشی خوشحالی کے مواقع ختم ہوجائیں گے جس کی وجہ سے ان کی پسماندگی اور مایوسی میں مزید اضافہ ہو گا۔

تحریک التویٰ کے مطابق ٹریڈ رو ٹ میں مجوزہ تبدیلی پرصوبہ بھر میں شدید تشویش پائی جارہی ہے کیونکہ خیبر پختونخوا کاموجودہ حالات میں فرنٹ لائن صوبہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر تجارتی اور معاشی سرگرمیاں پہلے سے ماند پڑ گئی ہیں اوران حالات میں ٹریڈ روٹ کی تبدیلی صوبہ کے پسماندہ اضلاع اورپختونوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے لہٰذا اس کی تبدیلی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔