وزیراعلی خیبرپختونخوا نے چترال میں چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی کااعلان کردیا، ترقیاتی فنڈز کی تقسیم بارے صوبے کے کسی بھی علاقے سے امتیازی سلوک نہیں ہو گا،پرویزخٹک

منگل 27 جنوری 2015 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے چترال میں مختلف مقامات پر چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی اور دیگر کئی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عنقریب چترال کا دورہ کرینگے اور ترقیاتی منصوبوں کا بذات خود جائزہ لیں گے انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے صوبے کے کسی بھی علاقے سے امتیازی سلوک نہیں ہو گا تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے البتہ پسماندہ اور دورافتادہ اضلاع کو ضرورت کی بنیاد پر ترجیح دی جائے گی ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں مکمل شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تا کہ عوام کا پیسہ ناجائز کسی کی جیب میں جانے کی بجائے صرف اور صرف عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہو وہ پی ٹی آئی ضلع چترال کے آٹھ رکنی وفد سے باتیں کررہے تھے جس نے خاتون رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ کی زیر قیادت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ان سے ملاقات کی اورانہیں علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کرنے کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا وفد کے ارکان میں پی ٹی آئی کے تحصیل صدر حاجی رحمت غازی، ضلعی نائب صدررضیت بالله، محمد قاسم ، وزیر زادہ، نذیر احمد، امین الحسن اور شاہ حسین شامل تھے وفد کی طرف سے پیش کردہ مسائل و مطالبات پر وزیراعلیٰ نے دروش ٹاؤن اور مستوج کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے، دروش ہسپتال کیلئے فوری ایمبولینس کی فراہمی اور اسے کیٹگری سی میں شامل کرنے، چترال اور دروش میں طالبات کیلئے دو بسوں کی فراہمی، چترال میں شہید بے نظیر شیر ینگل یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے کیلئے اگلے اے ڈی پی میں اضافی فنڈز کی فراہمی، ریشن بجلی گھر کے عملے کی تنخواہوں میں پانچ ہزار روپے فی کس اضافے،2013 ء کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ٹینڈر دوبارہ جاری کرنے، وارجون، ترچ، کوشٹ، لون اور رمبوربمبوریت روڈز کی توسیع، چترال ٹاؤن میں لنک روڈز کی بلیک ٹاپنگ،اریگیشن چینل چرون اویر روڈ کی تعمیراور شوتخارو تورکہوآبنوشی سکیموں کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی اسی طرح انہوں نے بعض عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال کو سستا آٹا سکیم میں مستحقین کی لسٹ کی شفاف چھان بین کرنے اور گولین،دروش،پروک اور ایون آبنوشی سکیموں میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کی محکمہ انٹی کرپشن کے ذریعے انکوائری کرانے کی ہدایت بھی کی انہوں نے وفد کی طرف سے پیش کردہ دیگر مطالبات اور مسائل کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسی ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں نئی عمارتوں اور اداروں کی تعمیرکی بجائے پہلے سے قائم اداروں کو ضروری سہولیات فراہم کر کے انہیں مضبوط اور مستحکم کیا جائے کیونکہ سہولیات کے بغیر نئی عمارتوں کی تعمیر سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا بلکہ قومی خزانے کا ضیاع ہوتا ہے صوبائی حکومت پہلے سے موجود اداروں کو تمام ضروری سہولیات اور ضروریات سے لیس کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جس کے بعد حسب ضرورت نئی عمارتیں بنانے اور ادارے قائم کرنے پر توجہ دی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس وقت 80فیصد ترقیاتی فنڈز جاری منصوبوں اور صرف 20فیصد نئے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت کرنااور اقتدار کے مزے لوٹنا بہت آسان ہے مگر اقتدار میں رہ کر عوامی توقعات کے مطابق ڈیلور کرنا انتہائی مشکل کام ہے اور ہم عوام کو صرف سبز باغ دکھا کر اقتدار کے مزے لوٹنے کی بجائے ان کی توقعات پر پورا اترنے اور ان سے کئے ہوئے وعدے ایفاء کرنے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہیں ہم نے حکومت کے ابتدائی مراحل میں پالیسی سازی ،قوانین سازی اور لائحہ عمل ترتیب دینے پر بھر پور توجہ دی اوران پر عمل درآمد سے عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہونا بھی شروع ہوئے ہیں انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور ممبران اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کیلئے فعال کردار ادا کریں اوراپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بذات خود نگرانی کریں وفد نے علاقے کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے، ترقیاتی اعلانات اور دیگر مشکلات کے ازالے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کرپشن کے خاتمے اور نظام کی تبدیلی کے ایجنڈے کے سو فیصد اہداف حاصل کرنے میں اپنی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :