سنیل نارائن کی ورلڈ کپ اسکواڈ سے دستبرداری کا امکان

منگل 27 جنوری 2015 20:59

سنیل نارائن کی ورلڈ کپ اسکواڈ سے دستبرداری کا امکان

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جنوری۔2015ء)مشہور ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن ممکنہ طور پر ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ سے دستبردار ہو جائیں گے جس سے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔سنیل نارائن کا ایکشن انڈین پریمیئر لیگ کے دوران مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انہیں ہندوستانی بورڈ کے زیر اہتمام کسی بھی ایونٹ میں باؤلنگ سے روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس پابندی کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے عالمی سطح پر پابندی کے ڈر سے ناصرف نارائن کو انڈیا کے دورے پر لے جانے سے گریز کیا بلکہ ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے بھی ان کا انتخاب زیر غور نہیں آیا۔لیکن متعدد اہم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود اسپنر کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا جس پر ماہرین کرکٹ نے کافی حیرانگی کا اظہار کیا تھا اور ان کا ماننا تھا کہ نارائن ورلڈ کپ میں باؤلنگ کرنے کی صورت میں مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے اور ان کا اسکواڈ میں انتخاب کسی بڑے معمے سے کم نہیں۔

نارائن کی ورلڈ کپ سے ممکنہ دستبرداری سے ویسٹ انڈین ٹیم مزید مشکلات سے دوچار ہو جائے گی جہاں اسکواڈ سے پہلے ہی مشہور آل راؤنڈرز ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ بھی ڈراپ کیا جا چکا ہے۔