ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے بیان کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی

منگل 27 جنوری 2015 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم )نے سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کے بیان کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔منگل کوسندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سید سرداراحمد اور ڈپٹی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے وزیراعلی سندھ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی۔

اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ کراچی آپریشن کے نام نہاد کپتان ہیں، کیا کسی سیاسی جماعت کو اپنے کارکن کے قتل پر آواز اٹھانے کا حق نہیں ہے ؟ پیپلز پارٹی کو جمہوری طریقے سے بات سمجھ نہیں آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے کارکنوں کے قتل پرپہلے بھی کمیٹیاں بنائی تھی،کسی کمیٹی نے آج تک کوئی جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیراعلی کو پیپلزپارٹی کے شہید کارکنوں کے ورثا کے آنسوں صاف کرناچاہئے تھے،مگر یقین ہے کہ قائم علی شاہ نے شہدا کے لواحقین سے رابطہ بھی نہیں کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کا ہر معاملہ عدالت میں ہے اور عدالتوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،پیپلزپارٹی کے اپیل کرتا ہوں کے سندھ پر رحم کریں،جنازوں کیساتھ دھرنا دینے کو حملہ تصور کرنا شاید عمر کا تقاضا ہے،قائم علی شاہ کو جمہوری طریقے سے کوئی بات سمجھ نہیں آتی۔