اسلام آباد میں بوندا باندی ، پنجاب میں بادلوں کی آنکھ مچولی، موسم خشک رہے گا

بدھ 28 جنوری 2015 10:50

اسلام آباد/لاہور/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جنوری2015ء) اسلام آباد میں بوندا باندی کے بعد سردی مزید بڑھ گئی ، لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی ، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں ،شہر اقتدار میں اٹکھلیاں کرتے بادل چھما چھم برس پڑے ،آسمان سے برستی بوندوں میں نہا کر نظارے کھل اٹھے ، یخ بستہ ہواؤں نے پارہ بھی گرا دیا ، راولپنڈی کے کئی علاقوں میں بھی رم جھم ہوتی رہی ۔

لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی سارا دن جاری رہی ۔ سہ پہر کے وقت کرنوں نے جھانکا تو شہری بھی دھوپ کا مزہ لیتے رہے ، مستانی ہوائیں بھی موسم کی رنگینی بڑھاتی رہیں۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں پھوار پڑنے کا امکان ہے ، پنجاب کے میدانی علاقے بدھ کی صبح شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :