مغربی یورپ سے 550 خواتین داعش میں شمو لیت کیلئے شام اور عراق جا چکی ہیں، برطانوی تھنک ٹینک

بدھ 28 جنوری 2015 12:20

لند ن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) برطانیہ کے ایک تھنک ٹینک نے دعوی کیا ہے کہ مغربی یورپ سے 550 خواتین اسلامی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے شام اور عراق جا چکی ہیں۔یہ اعداد و شمار انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک ڈائیلاگ کی تازہ رپورٹ میں دیے گئے ہیں۔یورپی خواتین کی دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کے معاملے پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ خواتین جہادیوں کے بارے میں ایک مفصل رپورٹ شائع ہوئی ہے۔

اس رپورٹ میں ان خواتین کے شدت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے کے عمل اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا کے کردار کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اس سوال کے جواب کو ڈھونڈا گیا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں خواتین سب کچھ چھوڑ کر دولتِ اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے گئی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں اس سلسلے میں کئی وجوہات کی نشاندہی کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دولتِ اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے کی وجوہات میں سے ایک ذاتی رنجشیں اور دوسری جہادیوں سے شادی کی خواہش ہے۔

آئی ایس ڈی کی اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کئی خواتین کو اس بارے کا علم نہیں ہوتا کہ وہ کتنا بڑا خطرہ مول لے رہی ہیں اور یہ خواتین نہیں جانتیں کہ وہ گرفتار یا ہلاک ہو سکتی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خطرات کا اندازہ نہ ہونے کے باعث ان خواتین میں سے بڑی تعداد واپس نہیں لوٹی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی جہادی خواتین کو واپس برطانیہ آ رہی ہیں ملک کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

مصنفین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری سے بڑی تعداد میں جنگجو مر رہے ہیں اور ’بلیک وڈوز‘ یا سیاہ بیواوٴں کی ایک نئی کھیپ تیار ہو رہی ہے جو اپنا گھر بار چھوڑ کر میدانِ جنگ میں جانے کے لیے پرجوش ہے۔انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک ڈائیلاگ کی سینیئر محقق اور ادارے میں خواتین اور انتہاپسندی کے عنوان سے چلنے والے پروگرام کی روحِ رواں ایرن سالٹ مین کا کہنا ہے کہ یورپی مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بڑی تعداد میں دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقوں کا رخ کر رہی ہیں اور ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

انھوں نے کہا کہ خواتین تاحال تو جنگ میں شریک نہیں لیکن یہ صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے اور بہت سی خواتین لڑائی میں حصہ لینا چاہتی ہیں۔ایرن سالٹ مین نے یہ بھی کہا کہ جب یہ خواتین دولتِ اسلامیہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں پہنچ جاتی ہیں تو انھیں ان کی امید کے عین مطابق حالات نہیں ملتے اور انھیں امتیازی سلوک اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :