ارجنٹینا :صدرنے انٹیلی جنس ایجنسی ختم کرنے کا اعلان کردیا

بدھ 28 جنوری 2015 12:36

بیونس آئرس ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء )ارجنٹینا کی صدر کرسٹینا فرنینڈس نے انٹیلی جنس ایجنسی کو ختم کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ سرکاری ٹی وی سے خطاب میں صدر کرسٹینا کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس سروسز کا ڈھانچا 1983 کی فوجی حکومت کی طرز کا ہے، اس لیے اس میں اصلاحات کا بل تیار کیا گیا ہے۔ اس بل پر کانگریس کے اجلاس میں بحث کی جائیگی۔

(جاری ہے)

نئے بل کے تحت انٹیلی جنس چیف کا سربراہ صدر منتخب کرے گا، جسے سینٹ کی منظوری درکار ہوگی۔ موجودہ انٹیلی جنس ایجنسی کو ختم کرنے کا فیصلہ حکومت کے سرکاری وکیل البرٹو نیسمان کی پراسرار موت کے بعد اچانک سامنے آیا ہے۔ البرٹو 18 جنوری کو اپنے کمرے میں پستول کے ساتھ مردہ پائے گئے تھے۔ مقتول پراسیکیوٹر 1994 میں دارالحکومت بیونس آئرس میں یہودی سینٹر پر بم حملے کی تحقیقات کررہے تھے۔