سابق عالمی سکواش چمپئن اور خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل قمرزمان خان کی خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویزخٹک سے ملاقات

بدھ 28 جنوری 2015 12:38

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) سکوائش کے سابق عالمی چمپئن اور خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل قمرزمان خان نے خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویزخٹک سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور ان سے صوبے میں سکوائش اور دیگر کھیلوں کے فروغ سمیت مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری جنرل خالد مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے فروغ کیلئے قمرزمان خان کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور صوبے میں انٹر ریجنل گیمز اور یوتھ گیمز کے انعقاد میں معاونت کا خیر مقد م کیا انہوں نے سکوائش کی عالمی سطح پر ترقی سے متعلق قمر زمان اور جان شیر خان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس پر ناز ہے ہمارے خطے نے کھیلوں کے ساتھ ساتھ زندگی کے تما م شعبوں میں جوہر قابل پیدا کئے جنہوں نے عالمی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کیا اور اُمید ظاہر کی کہ صوبے میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور انکی حوصلہ افزائی میں قمرزمان جیسے باصلاحیت کھلاڑی ہمارے دست و بازور بنیں گے انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت تحصیل سطح پر جو 76 سٹیڈیم تعمیر کر رہی ہے ان میں دیگر کھیلوں کے علاوہ سکوائش کورٹس کے قیام پر بھی بھر پور توجہ دی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ خود سکوائش کے کھلاڑی بھی رہے ہیں جس میں نوجوانوں کو بھر پور ذہنی اور جسمانی توانائی کا مظاہر ہ کرنا پڑتا ہے اور اتنا ہی انہیں فائدہ بھی پہنچتا ہے اسلئے سکوائش کو انکی مشاورت کے مطابق حتیٰ الوسع ترقی دی جائے گی انہوں نے پی سی بی کی طرح صوبائی سطح پر بھی کوچ مقرر کرنے اور اس مقصد کیلئے فنڈز مختص کرنیکی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل کو موقع پر ہدایات جاری کیں وزیراعلیٰ کے نام سے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے متعلق پرویز خٹک نے معذرت کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کسی بھی شعبے میں ذاتی نام کے استعمال کے حق میں نہیں البتہ قمر زمان کی درخواست پر وہ اسے وزیراعلیٰ سکوائش ٹورنامنٹ کا نام دینے اوراسکے انعقاد پر راضی ہوئے اور یقین دلایا کہ اس ضمن میں سکول و کالج کی سطح پر ٹیموں اور نوجوانوں کو فعال بنایا جائے گا انہوں نے کھیلوں کے فروغ کیلئے قمر زمان کی دیگر تجاویز کو بھی سراہا اور اسے صوبائی حکومت کی سپورٹس پالیسی کا حصہ بنانے کا یقین دلایا ۔