رواں سال عمرہ سیزن کے پہلے ڈیڑھ ماہ میں ایک ملین سے زائد فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کی

بدھ 28 جنوری 2015 13:34

ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء )رواں سال عمرہ سیزن کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران ایک ملین سے زاید فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں بیرون ملک سے بڑی تعداد میں عازمین عمرہ حجاز مقدس پہنچ رہے ہیں۔ صفر اور ربیع الاول کے اختتام تک لاکھوں افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے میں داخل ہونے والے عازمین عمرہ کی تعداد 5 لاکھ، 23 ہزار 672 رجسٹرڈ کی گئی جبکہ ہوائی اڈے سے عمرہ ادا کرکے واپس جانے والوں کی تعداد چار لاکھ 84 ہزار 613 رجسٹرڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں موسم عمرہ کے دوران مجموعی طور پر جدہ ہوائی اڈے سے 4901 پروازوں کی آمدو رفت ہوئی۔

(جاری ہے)

ماضی کی نسبت اس عرصے میں بیرون ملک سے غیر معمولی تعداد میں مسلمانوں نے عمرہ کی ادائی کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا۔

جدہ ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمید ابا العری نے کہا کہ ہوائی اڈے کی انتظامیہ، شہری دفاع، مکہ مکرمہ گورنری اور وزارت حج سمیت تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے عازمین عمرہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے دن رات کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمرہ سیزن کا آغاز 15 صفرالمظفر سے 15 شوال تک جاری رہتا ہے۔ عمرہ کا پہلا مرحلہ صفر سے رجب المرجب تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد دوسرا مرحلہ شروع ہو گا اور تیسرا مرحلہ 20 رمضان المبارک سے پندرہ شوال تک ہو گا