آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم شدید سرد ہوگیا

بدھ 28 جنوری 2015 13:51

اسلام آباد /لاہور /راولپنڈی /پشاور/مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم شدید سرد ہوگیا ‘ لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی ، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق سوات میں شدید برفباری کے بعد انتظامیہ کے جانب سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا تاہم پھر بھی درجنوں گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں ادھر لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی سارا دن جاری رہی ۔

سہ پہر کے وقت کرنوں نے جھانکا تو شہری بھی دھوپ کا مزہ لیتے رہے ، مستانی ہوائیں بھی موسم کی رنگینی بڑھاتی رہیں۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویڑن میں کہیں کہیں پھوار پڑنے کا امکان ہے ، پنجاب کے میدانی علاقے بدھ کی صبح شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

آئندہ چند روز میں پنجاب اور سندھ کے شہروں گوجرانوالہ ، فیصل آباد، لاہور اور ملتان ، سکھر میں صبح کے اوقات دھند پڑنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت پارہ چنار میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ اسلام آباد میں 03 ، لاہور 03 کراچی 11 پشاور 05 کوئٹہ میں منفی 08 ڈگری ریکارڈ کیا گیا

متعلقہ عنوان :