پولٹری صنعت سے متعلقہ شارٹ کورسز شروع کرینگے‘ عرفان قیصر شیخ

بدھ 28 جنوری 2015 14:06

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا )پولٹری کی صنعت سے متعلقہ شارٹ کورسز جلدشروع کرنے کیلئے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے معاہدہ کرے گی، ٹیوٹا ان دونوں اداروں کے ساتھ مفاہتمی یادداشت پر دستخط کرنے کیلئے معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارچیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے پولٹری انڈسٹری کے لئے شارٹ کورسز شروع کرنے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، جنرل منیجر ( اکیڈمکس ) ٹیوٹا انجینئر اظہر اقبال شاد ، ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی ڈاکٹر افتخار حسین شاہ اور دیگر موقع پر موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ پولٹری ملک کی اہم صنعتوں میں سے ایک ہے جو چکن سے متعلقہ مصنوعات کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پولٹری انڈسٹری کو اس وقت تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے ۔ٹیوٹا کی طرف سے اس شعبے کے متعلقہ شارٹ کورسز شروع کرنے سے افرادی قوت کی کمی پوری ہوگی۔ اس اقدام سے صوبہ پنجاب میں پولٹری کی صنعت کو فروغ بھی ملے گا ۔