حماس کو اندرون، بیرون ملک منظم سازش کے تحت بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اسماعیل ھنیہ

بدھ 28 جنوری 2015 14:11

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) حماس کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو اندرون اور بیرون ملک منظم سازش کے تحت بدنام کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے لیکن قوم حماس اور اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کو بدنام کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے زیر اہتمام ملٹری پریڈ سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا اسرائیل کے ناجائز قبضے کیخلاف مسلح مزاحمت پر اتفاق ہے لیکن قوم کو مسلح جدو جہد سے دور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اس مذموم مقصد کیلئے کبھی جنگ مسلط کی جاتی ہے اور کبھی غزہ کی پٹی کا محاصرہ کیا جاتا ہے، اس کیساتھ ساتھ آزادی کیلئے جدوجہد کرنیوالی قوتوں بالخصوص حماس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

غزہ کی پٹی میں مزاحمتی کیمپوں اور ملٹری پریڈوں کا انعقاد اور ان میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ حماس کو بدنام کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔

القسام بریگیڈ کے زیراہتمام ملٹری پریڈ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ یہ پریڈ تزویراتی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد آزادی کیلئے جدوجہد کرنیوالی ایک نئی نسل کو تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف مسلح جدو جہد اب فلسطینی قوم کی ثقافت کا حصہ بن چکا ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اب ہرگھر میں مسلح جدوجہد کرنے والے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے لاکھوں عوام کو پچھلے ایک عشرے سے صہیونی دشمن کے محاصرے کا سامنا ہے۔ ایسے میں فلسطینی عوام کے پاس ان پابندیوں کو توڑنے کیلئے مسلح مزاحمت کے سوا اور کیا چارہ باقی رہ جاتا ہے جب مسئلے کے حل کے تمام پرآمن راستے بند کردیئے جائیں۔