عبداللطیف سہو کے قرآنی آیات کے نادر فن پاروں کی تین روزہ نمائش 15 فروری سے مسجد نبوی میں شرو ع ہو گی

بدھ 28 جنوری 2015 14:54

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) سعودی حکومت کی دعوت پر پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط چوہدری عبداللطیف سہو کے قرآنی آیات کے نادر و نایاب فن پاروں کی تین روزہ نمائش 15 فروری بروز اتوار سے مسجد نبوی میں شرو ع ہو گی جو 17 فروری بروز منگل بمطابق 27 ربیع الثانی تک جاری رہے گی۔ مذکورہ نمائش میں عالمی شہرت یافتہ خطاط ، مصور ، آرٹسٹ و ڈیزائنر چوہدری عبداللطیف سہو کے اسلامی ثقافت اور قرآنی آیات پرمبنی فن پارے رکھے جائیں گے جس کا افتتاح مسجد نبوی کی اسلامک آرٹ گیلری کے ڈائریکٹر شیخ محمد عمر الخرمانی کریں گے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ اعزاز صرف عبداللطیف سہو ہی کیلئے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث افتخارہے کہ کسی پاکستانی کو مسجد نبوی کی آرٹ گیلری میں پہلی مرتبہ اپنے اسلامی خطاطی کے نمونوں کی نمائش کاموقع دستیاب ہواہے۔

(جاری ہے)

اسلامک آرٹ گیلری میں دنیا بھر کے اسلامی ممالک کے نامور آرٹسٹوں کے نادر و نایاب فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ عبداللطیف سہو کو پہلے پاکستانی کے طور پر سعودی عرب مدعو کیاگیاہے۔

یاد رہے کہ لطیف سہو نے گزشتہ سال حج مبا رکہ کے مو قع پر مسجد نبوی کی اسلامی آرٹ گیلری اور مکہ میو زیم کیلئے سہو آرٹ کے فن پارے عطیہ کئے تھے۔ مزید برآں مذکورہ نما ئش کے علاوہ سعودی عرب کے شہر دمام، مکہ مکرمہ، جدہ اور ریاض میں سہو آرٹ اور اسلامی و پنجابی ثقافتی پگڑی کے حسین امتزاج سے تخلیق کردہ سہو کیپ کی نما ئش بھی ہو گی۔چو ہدری عبداللطیف سہو کل 30 جنوری بروز جمعہ کو تین ماہ کیلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے جو اپنے سعودیہ میں قیام کے دوران عمرہ اور روضہ رسول پر حاضری کی سعا دت بھی حاصل کر یں گے۔