کشمیری اپنی تحریک کو ہر صورت منطقی انجام تک جاری رکھیں گے،اعظم انقلابی

بدھ 28 جنوری 2015 15:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر محاذ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری اپنی تحریک کو ہر صورت منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ محمد اعظم انقلابی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور عالمی برادری نے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا جو ایک طویل عرصہ گزرنے کے باجود پورا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وعدے پورے کرنے کے بجائے بھارت کشمیریوں کی مبنی برحق آواز کودبانے کے لیے بڑے پیمانے پر انہیں مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ کشمیری پرعزم ہیں اور وہ اپنی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک ہر صورت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا غیر متزلزل عزم و یقین ایک روز بھارت کو کشمیر کے بارے میں حقائق تسلیم کرنے پرمجبور کر دے گا۔

محمد اعظم انقلابی نے عالمی سیاست کے حوالے سے عالمی برادی خاص طور پر بڑی طاقتوں کے دوہرے معیار پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے گزشتہ 67برسوں کے دوران چھ لاکھ کے لگ بھگ کشمیریوں کو قتل کیا، محمد مقبوبٹ اور محمد افصل گورو کو مبنی بر حق آواز بلند کرنے کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکایا، مقبوضہ علاقے میں خواتین اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی کی مگر اسکے باوجود وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو متزلزل نہیں کر سکاہے۔