لوڈشیڈنگ جیسی عفریت کے خاتمے اور بجلی و پانی کی پیداوار بڑھانے کیلئے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے،ضلعی امیر جماعت اسلامی

بدھ 28 جنوری 2015 15:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) لوڈشیڈنگ جیسی عفریت کے خاتمے اور بجلی و پانی کی پیداوار بڑھانے کے لئے کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے۔ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو غیر ملکی سازش کے تحت متنازعہ بنادیاگیا ہے۔کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ قومی مفاد میں ہے۔اس منصوبے سے نہ صرف سستی ترین بجلی عوام کو میسر ہوگی اور صنعتی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی دور ہوجائیں گی ۔

وزیر اعظم تمام صوبوں میں اتفاق رائے پیداکرکے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کااعلان کریں۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ اور دیگر راہنماؤں غلام عباس خان ،رائے اکرم کھرل، انجینئر عظیم رندھاوا ، زمان خان نیازی،راناوسیم احمد ایڈووکیٹ،انجم اقبال بٹ، شیخ محمد مشتاق،رانا عبد الوحید ،پیر کریم اللہ شاہ نے کہا ہے ملکی معیشت میں اس وقت تک مثبت تبدیلی نہیں آسکتی جب تک کالا باغ ڈیم بن نہیں جاتا۔

(جاری ہے)

ڈیم کی مخالفت کرنے والے اپنے امریکی آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرکے بھارت کے مفادات کوتحفظ فراہم کررہے ہیں۔کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے یک روپے سے بھی کم قیمت پر بجلی کایونٹ عوام کوفراہم کیاجاسکتاہے اور ساٹھ سے سترلاکھ ایکڑزمین قابل کاشت ہوجائے گی۔روزگارکے نئے مواقع پیداہوں گے ا ور ملک ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔۔ اس کی تعمیر سے ہی لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ ممکن ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے کالاباغ ڈیم کی تعمیرجلد شروع کی جائے۔ انہوں نے تمام محب وطن سیاسی جماعتوں اور سیاست دانوں سے اپیل کی ہے کہ تمام تر اختلافات کو بھلاکر حکمرانوں کو کالاباغ کی تعمیر پر مجبور کریں تا کہ پاکستان اندھیروں سے نکل کر ترقی کی راہوں پر گامزن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :