بھاری مینڈیٹ والے حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے،حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے، مصطفی خان

بدھ 28 جنوری 2015 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے رہنما انچارج میڈیا سیل مصطفی خان نے کہا ہے کہ بھاری مینڈیٹ والے حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے۔حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔ ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیلنے والے حکمرانوں کا مذید اقتدار میں رہنا ملکی مفاد میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پر جمہوریت ڈی ریل کرنے کے الزام لگانے والے آج پورے ملک کے نظم و نسق کو چلانے کے لئے پاک فوج پر انحصار کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کامقدمہ بھی پاک فوج کے کہنے پر ہی درج کیا گیا اگر آرمی نہ کہتے تو مقدمہ بھی درج نہیں ہونا تھا۔لگتا ہے کہ ملکی و بین الاقوامی خارجہ اور داخلہ امور بھی پاک فوج ہی چلارہی ہے،ایسے حالات میں حکمرانوں کو اپنی ناکامی کااعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئیے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کے کامیاب غیر ملکی دورے قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 23دسمبر2012 کو جب ڈاکٹر طاہرالقادری نے ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے عدلیہ، پاک فوج اور دیگر ملکی اداروں کو فقط مشاورت میں شامل کرنے کی بات کی تو پورے ملک میں شور اور ہنگامہ بپا کردیا گیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں،لیکن وقت نے ثابت کیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جو کہتے تھے ٹھیک کہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو دیوار کے پیچھے کیا ہورہا ہے ان معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہو،ڈاکٹر طاہرالقادری نے 2013کے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کے حوالے سے جو کہا بعدازاں ہر جماعت اور ہر لیڈر نے اس بات کو تسلیم کیا ۔

اور آج ڈاکٹر طاہرالقادری کاوژین ہی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ، ملک کو بحرانوں سے نکالنے سمیت ہرمشکل گھڑی میں پاک فوج ہی اپنا کرداراداکرتی ہوئی نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عنقریب ممبنر سازی مہم کا باقاعدہ آغاز کررہی ہے۔