خیبر پختونخوا چیمبرنے انجینئرنگ ،انڈسٹریز کے شعبے کے فروغ ،انڈسٹریل سیکٹر میں پراجیکٹس کی نشاندہی کیلئے پراجیکٹ آئیڈنٹیفیکیشن کمیٹی تشکیل دیدی

بدھ 28 جنوری 2015 16:31

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے انجینئرنگ اور انڈسٹریز کے شعبے میں قریبی روابط کے فروغ اور انڈسٹریل سیکٹر میں پراجیکٹس کی نشاندہی کیلئے پراجیکٹ آئیڈنٹیفیکیشن (Project Identification) کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے وائس چانسلر امتیاز حسین گیلانی ‘ چیمبر کے سابق صدر اور پشاور میں کوریا کے اعزازی قونصل جنرل عفان عزیز ‘ انجینئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر اقبال یونس اور انجینئر مقصود انور پرویز شامل ہونگے ۔

کمیٹی اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے مابین قریبی روابط کے فروغ کے ساتھ صنعتوں کیلئے انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ طلباء کیلئے پراجیکٹس کی نشاندہی کرے گی اور اپنی سفارشات خیبر پختونخوا چیمبر کے توسط سے صوبائی حکومت کو پیش کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ایک وفد نے صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ اور کونسل کے وائس چیئرمین انجینئر زاہد عارف کی سربراہی میں خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں خیبر پختونخوا چیمبر کے نائب صدر حاجی اقبال خان ‘ چیمبر کے سابق صدر عفان عزیز ‘ ایگزیکٹو ممبران عابد اللہ ‘ پرویز خان خٹک ‘ سعد خان زاہد ‘ اشتیاق محمد ‘ صادق امین ‘ انجینئر اقبال یونس ‘ انجینئر لطیف خان ‘ انجینئر جہانزیب خان اور مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز سمیت چیمبر کے ممبران صدر گل اور دیگر بھی موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق نے صوبے کی معاشی ترقی میں صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے کردار کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صنعتی ترقی کا فروغ اکیڈیمیہ اور انڈسٹریز کے درمیان قریبی روابط کے فروغ میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں بالخصوص انجینئرنگ کے شعبے میں فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء و طالبات کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم دی جائے اور عملی طور پر انہیں صنعتوں میں کام کرنے کا تجربہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور انجینئرنگ کے شعبے متعلقہ اداروں کے پاس فنڈز موجود ہیں اور یہ فنڈز انڈسٹریلسٹ میں تقسیم کئے جائیں تاکہ وہ صنعتوں میں انٹرن شپ کرنے والے طلباء کومعاوضے کی ادائیگی کی جاسکے۔ انجینئر زاہد عارف نے اپنے خطاب میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے پلیٹ فارم سے ملک میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اٹھائے جانیوالے اقدامات اور کونسل کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور کہا کہ صنعتوں اور اکیڈیمیہ کے مابین باہمی کے روابط کے فروغ سے ملکی معیشت کو استحکام مل سکتا ہے ۔

انہوں نے پاکستان انجینئرنگ کونسل ملک میں انجینئرز کے فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقعوں میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں میں پراجیکٹ آئیڈنٹیفیکیشن کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انجینئرنگ کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنیوالے طلباء کو بہتر انداز میں کام کرنے کے مواقع میسر آئیں۔

یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے وائس چانسلر امتیاز حسین گیلانی نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق ‘ انجینئر زاہد عارف اور عفان عزیز کی سفارشات اور تجاویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین قریبی روابط کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایک موثر اور بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے جو انڈسٹری کو درپیش مشکلات اور پراجیکٹس کی نشاندہی کیلئے کام کرے۔

ا نہوں نے کہا کہ صنعتوں میں کام کرنیوالے انجینئرز کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے جو انہیں سکالرشپ کے طور پر دیئے جائیں اور ان کی مالی امداد کی جاسکے۔ اجلاس سے مختلف انجینئرز اور یونیورسٹیز کے وائس چانسلر سمیت صنعتکاروں نے بھی خطاب کیا اور اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔