آئینی مدت کی تکمیل پر دنیا پاکستان کومضبو ط معاشی مملکت کے روپ میں دیکھے گی،علی اکبر گجر

بدھ 28 جنوری 2015 16:32

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) آئینی مدت کی تکمیل پر دنیا پاکستان کومضبو ط معاشی مملکت کے روپ میں دیکھے گی․ ماضی کی ناکام حکومتوں کے پیدا کردہ مسائل کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پہلی ترجیح ہے تاکہ اپنی آئینی مدت کی تکمیل پر قوم کو روشن پاکستان کا تحفہ دے سکیں․ حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر صوبائی رہنما علی اکبر گجر نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ آمرانہ حکومت کے پروردہ دہشت گردی کے مراکز کا خاتمہ اور دہشت گردی کے عفریت پر کنٹرول ہی مسلم لیگ(ن) کی سب سے بڑی کامیابی ہے جو اب زیادہ دور کی بات نہیں ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی پہلی مسلم ایٹمی قوت بنانے والی قیادت سے زیادہ کون جان سکتا ہے کہ دھرتی کا دفاع کیسے کیا جاتا ہے․ دنیا بھر کے دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان مسلم لیگ(ن) نے یہ ثابت کیا کہ اٹھارہ کروڑ پاکستانی ایک فون کال پر اپنا سب کچھ ڈھیر کرنے والی قوم نہیں ․ ن لیگ کی کامیابیوں نے چور دروازے سے اقتدار میں واپسی کے خواب چکنا چور کردیئے ہیں ․ 1999 سے بگڑے ہوئے بدترین معاشی حالات کو سنبھالا دینا صرف مسلم لیگ(ن) کا کمال ہے ․ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک سے ہر بحران کے خاتمے کے لئے نبردآزما ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے دو سال کے قلیل عرصے میں سابق آمر اور اس کی باقیات کے بگاڑے ہوئے ہر مسئلے کو درست سمت کی طرف موڑ دیا ہے ․ دس سال سے زائد کی حکمرانی میں سابق ڈکٹیٹر اور اس کے ساتھیوں نے پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کے ہاتھوں میں گروی رکھ دیا تھا جسے واگذار کروانے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) بے مثال جرات اور بہادری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے․ آئین اور پارلیمنٹ کو روندنے والے ڈکٹیٹر کیا جانیں کہ گڈ گورننس کیا ہوتی ہے اور قومی اتفاق رائے کے لئے کتنی قربانیاں درکار ہوتی ہیں․ این آر او ، آمریت کے حواریوں پر بینک قرضوں کی بارش اور قرضوں کی معافیاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا نہیں بلکہ میاں محمد نو از شریف آنے والی نسلوں کے لئے مضبوط ، توانا اور روشن پاکستان بنانے کے لئے عظیم رہبر کا کردار ادا کر رہے ہیں․ بیرونی دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے عالمی سرمایہ کار پاکستان کی طرف رخ کر رہے ہیں کشمیر ، گلگت، بلوچستان سندھ پنجاب سمیت ملک کے ہر حصے میں ترقیاتی منصوبے آمریت کی ڈوبتی نظروں سے کبھی نہیں دیکھے جا سکتے․ حکومت وقت ملکی معاملات میں مکمل بیداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہی ہے․ پٹرول کی عارضی قلت کی آڑ میں آمر کی دوبارہ اقتدار کی واپسی کے خواب کبھی پورے نہیں ہونگے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے کہا کہ آمرانہ حکومتوں میں وزرا اور مشیر صرف مدح سرائی کے لئے رکھے جاتے ہیں لیکن جمہوری حکومتوں میں ملکی نظم و نسق چلانے کے لئے آئین اور قانون کی پاسداری کی جاتی ہے․ آمرانہ دور کی گڈ گورننس اور نام نہاد ایماندار قیادت نے ملک کو دیوالیہ کر کے چھوڑا تھا جس کی بہتری کے لئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ہر قدم کو آمر کے حواریوں کی مخالفت اور رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ․ ملک میں عارضی بحران پیدا کرنے کے پیچھے عوامل سے نمٹنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پیش قدمی کو روکنا اب کسی آمر اور اس کے حواریوں کے بس کی بات نہیں رہی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہی ملک و قوم کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کا حصہ بنائیگی۔

متعلقہ عنوان :