حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر مذید بوجھ ڈالنے کی بجائے بتدریج ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر توجہ دے ، میاں محمد ادریس

بدھ 28 جنوری 2015 17:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر مذید بوجھ ڈالنے کی بجائے بتدریج ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر توجہ دے ٹیکس ریونیو کو بہتر کئے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا حکومت خسارے میں چلنے والی تمام سرکاری اداروں کی نجکاری کرے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری مشاورت سے معیشت کی بحالی کیلئے مختصر درمیانے اور طویل المدت منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور معیشت کو مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار فیڈریشن کے صدر میاں محمد ادریس نے ایک عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عشائیے کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈریشن کے نومنتخب عہدیداران اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے قائدین کے اعزاز میں کیا۔

(جاری ہے)

عشائیے میں ٹریڈ ڈویولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک اور فیڈریشن کے صدر میاں محمد ادریس مہمان خصوصی تھے۔

آئی سی سی آئی فاوٴنڈر گروپ کے چیئرمین اور گروپ لیڈر یونائیٹڈ بزنس گروپ عبدالروٴف عالم، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے علاوہ ملک بھر سے تاجر وں راہنماوٴں کی ایک کثیر تعدادنے عشائیے میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمد ادریس نے کہا کہ اس وقت ملک کو ٹیکس ریونیو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں لہذا تاجر بردری اس سلسلے میں مزید فعال کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہا حکومت خسارے میں چلنے والے تمام کمرشل اداروں کی نجکاری کرے کیونکہ کاروبار چلانا حکومت کا کام نہیں ہے بلکہ یہ بزنس کمیونٹی کا کام ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فیڈریشن کی نئی قیادت تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرے گی۔

ٹریڈ ڈویولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ا اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے بزنس کمیونٹی کو نمایاں کردار دے کیونکہ وہ قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدات کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نجی شعبے کو برآمدات بڑھانے کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کو فیڈریشن کے الیکشن میں کامیاب کرانے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ فیڈریشن کی نئی قیادت ان کی توقعات پر پورا اترے گی۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ پلاننگ کمیشن معیشت کو بہتر لانے کے لئے ایک 10 نکاتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے لہذا تاجر برادری اس سلسلے میں اپنی تجاویز ارسال کرے تاکہ مل جل کر ملک کو مشکلات سے باہر نکالا جا سکے انہوں نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ تاجر برادری کی نوجوان قیادت کو آگے لایا جائے تا کہ وہ معیشت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔

آئی سی سی آئی فاوٴنڈر گروپ کے چیئرمین اور گروپ لیڈر یونا ئیٹڈ بزنس گروپ عبدالروٴف عالم نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی طر ف سے کاروباری سیاست میں جمہوری کلچر کو متعارف کرانے پر گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا حکومت سرمایہ کاروں کو مزید مراعات فراہم کرے جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی ۔

انہوں نے حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر مذید بوجھ ڈالنے کی بجائے بتدریج ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی نئی قیادت کو تاجر برادری کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر یونائیڈ بزنس گروپ کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہا ر کیا کہ نئی ٹیم ایف پی سی سی آئی کو ایک بہتر اور فعال تجارتی ادارہ بنائے گی جو تاجر برادری کی بہتری کے لئے اور ملکی معیشت کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے گا۔