پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی‘میاں مقصوداحمد

بدھ 28 جنوری 2015 17:12

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہونا،حکومتی اداروں کی انتظامی نااہلی ہے، ملک کے شہروں اوردیہاتوں میں اگر رکشہ اور ٹیکسی کرائے پر حاصل کرنا ہوتوان کے دام آسمان سے باتیں کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، معاشی اعشاریے 2014سے قبل بہتری کی جانب اشارہ کررہے تھے، وہ اب منفی رجحان کااظہارکررہے ہیں، خاص کرمعیشت شدید نقصان سے دوچار ہوکر رہ گئی ، اس دوران لوڈشیڈنگ بھی اپنا کام دکھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے برآمدات کی بہت ہی اہمیت ہوتی ہے۔ اسی ذریعے سے ملک قیمتی زرمبادلہ حاصل کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر برآمدات میں کمی واقع ہوگی تو ایسی صورت میں ملکی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکثرنجی تعلیمی اداروں نے من مانی کرتے ہوئے 16 %سے بھی زائد طلبہ کی فیسوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کوئی ادارہ ان کو پوچھنے والا نہیں ہے۔

اس کے باوجود حکومت کی خواہش اورتمنا تعلیم کی شرح کو بڑھانا ہے ؟؟؟ پہلے تو میٹرک تک تعلیم حاصل کرنا آسان ہوتا تھا لیکن اب تو میٹرک تک پہنچنے سے پہلے ہی پرائمری کی تعلیم دلوانا عوام کے بس میں نہیں رہا۔ وہ لوگ جو کہ پہلے بچوں کی فیس بھرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔اب وہ نالاں ہیں۔ جبکہ ملک بھر کے نجی تعلیمی اداروں کا جائزہ لیاجائے تو سوائے چند سکولوں کے ہر جگہ ان ٹرینڈ اساتذہ کی بھرمار ہے کیونکہ ان کو ادائیگی بہت ہی کم کرناپڑتی ہے۔ان اداروں کے مالکوں نے تعلیم نہیں بلکہ تجارت سمجھ کر یہ ادارے بنائے ہیں۔