صوبہ کی 25ضلعی زکوٰة کمیٹیوں کے نئے چیئرمین نامزدکردیئے گئے

بدھ 28 جنوری 2015 17:33

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے صوبہ بھر کی ضلعی زکوٰة کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو مستحق خاندانوں میں زکوٰة فنڈ کی بروقت اورشفاف تقسیم کو ہرصورت یقینی بنانے اور نادار لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ بات یہاں کلب روڈ پر صوبہ کے 25اضلاع کی ضلعی زکوٰة کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو ان کی نامزدگی کے نوٹیفکیشن دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزراء بیگم زکیہ شاہنواز، حمیدہ وحیدالدین، منشاء اللہ بٹ، چیئرمین صوبائی زکوٰة کونسل جسٹس (ر) اختر حسن، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد، سیکرٹری زکوٰة و عشر حبیب الرحمن گیلانی، ایڈمنسٹریٹر زکوٰة محمد یوسف بٹ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے نئے نامزد چیئرمینوں کو کہاکہ حکومت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں اور کسی بھی قسم کی ذاتی، سیاسی اور پسندناپسند کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے اخلاقی و مذہبی فرائض انجام دیں۔

ملک ندیم کامران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2014-15کیلئے زکوٰة فنڈ کی مختلف مدات میں 3ارب 33کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جائے گی جبکہ اس ضمن میں پہلی ششماہی قسط تقسیم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیرانتظام کام کرنے والے 176ٹریننگ سنٹرز کی افادیت کے پیش نظر ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ گذشتہ سال ان ٹریننگ سنٹرز سے فنی تعلیم حاصل کرنے والوں کی تعداد 56ہزار تھی جبکہ اس سال 80ہزار سے زائد طلباء و طالبات فنی تعلیم کے کورسز سے مستفید ہوکر اپنے خاندان کی کفالت کرپائیں گے۔صوبائی وزیر نے نامزد چیئرمینوں پر زور دیا کہ حکومت نے ان کا انتخاب کرکے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ان پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں اور غریبوں اور مستحقین کی خدمت میں دن رات ایک کردیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی ضلعی زکوٰة کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو چاہیے کہ وہ زکوٰة اکٹھی کرنے اور تقسیم کرنے کے عمل میں مزید بہتری کیلئے تجاویز دیں اور اپنے متعلقہ اضلاع کے مخیرحضرات سے ملاقاتیں کرکے انہیں اپنی زکوٰة اور امداد محکمہ کو دینے پر آمادہ کریں تاکہ مربوط حکمت عملی کے تحت زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مددکی جاسکے۔ انہوں نے چیئرمینوں پر زور دیاکہ وہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اضلاع میں تعینات محکمہ زکوٰة کے افسران سے نزدیکی رابطہ رکھیں اور زکوٰة کی بروقت تقسیم کے حوالے سے درپیش کسی بھی مشکل کی صورت میں ان سے یا سیکرٹری زکوٰة کے دفتر سے فوری رابطہ کریں۔

مزیدبرآں سیکرٹری زکوٰة و عشر حبیب الرحمن گیلانی اور منیجنگ ڈائریکٹر پی وی ٹی سی ساجد نصیر نے نامزد چیئرمینوں کو محکمہ بارے بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے 25اضلاع کی زکوٰة کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو ان کی نامزدگی کے نوٹیفکیشن بھی دیئے۔