پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ صوبہ بھر میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے مزین لیبر کالونیاں تعمیر کرے گا‘ راجہ اشفاق سرور

بدھ 28 جنوری 2015 17:34

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) صوبائی زویر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ صوبہ بھر میں صنعتی کارکنوں اور مزدوروں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے مزین فلیٹس پر مشتمل لیبر کالونیاں تعمیر کرے گا،یہ فلیٹس مزدوروں کو ملکیتی بنیادوں پردیئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیرتحت مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری لیبر عشرت علی، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ و ڈی جی لیبر ویلفیئر محمد سلیم حسین ،ڈائریکٹر ورکس محمد مظہر کے علاوہ محکمہ لیبراور پی ڈبلیو ڈبلیو بی کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے ٹیکسلا لیبر کالونی راولپنڈی کے امور بارے پیشرفت سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈسلیم حسین نے اجلاس کو بتایاکہ ملتان، قصور،شیخوپورہ، راولپنڈی،ننکانہ، اوکاڑہ اور گوجرانوالہ میں اربوں روپے کی لاگت سے مزدوروں کیلئے لیبر ویلفیئر کمپلیکس، سکولز، کمیونٹی سنٹرز اور مساجد تعمیر کی جا رہی ہیں جہاں فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کر دیا گیاہے۔

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ملتان میں 992فلیٹس پر مشتمل لیبر کالونی کا منصوبہ 3017ملین روپے کی لاگت سے 2سال میں مکمل ہوگا جبکہ 7781ملین روپے کی لاگت سے لیبر ویلفیئر کمپلیکس سندرقصور کے 2912فلیٹس پر مشتمل میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد اگلے ماہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ قائداعظم ایپرل پارک شیخوپورہ میں بھی لیبر کالونی کے منصوبے پر لائحہ عمل کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے اس موقع پر وزیر محنت کو ٹیکسلا لیبر کالونی راولپنڈی میں فیز ون کے تحت 142کنال اراضی پر 576فلیٹس کی تعمیر بارے پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایاگیاکہ مزدروں کیلئے926ملین روپے کی لاگت سے واربرٹن ضلع ننکانہ میں 208فلیٹس کی تعمیرکا منصوبہ اسی سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا۔ محمد سلیم حسین نے بتایاکہ ڈی جی خان میں صنعتی ورکرز کے بچوں کیلئے 2ورکرز ویلفیئر سکول تعمیر کرنے کی غرض سے 211ملین روپے کی لاگت سے منصوبہ کاآغاز بھی جلد کیا جا رہا ہے جبکہ شیربنگال لیبر کالونی شاہدرہ میں مزدوروں کے 1500بچوں کیلئے پرائمری سکول پر 185ملین روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے مزیدبتایاکہ ورکرز ویلفیئر سکول ڈھنڈور ضلع جہلم میں کلاس رومز کی تعمیر پر 46ملین روپے ، اوکاڑہ میں ورکرز ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 26ایکڑ، ورکرز ویلفیئر کمپلیکس قصور کیلئے 47ایکڑ اور گوجرانوالہ ورکرز ویلفیئرکمپلیکس کیلئے 60کنال اراضی حاصل کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مزوروں کے پیسے پر صرف مزدوروں کا ہی حق ہے اور ان کیلئے زیرتعمیر لیبر کالونیوں میں تمام بنیادی سہولیات جلدازجلد فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :