ملک بھر میں آتشزدگی کے پے درپے سانحات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے ‘ لاہور چیمبر

بدھ 28 جنوری 2015 17:34

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ملک بھر میں آتشزدگی کے پے درپے سانحات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے اور نہ صرف تاجروں کے نقصان کا فوری طور پر ازالہ کرے بلکہ ان سانحات کے ذمہ داروں کو کڑی سزا بھی دے ۔ تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سید محمود غزنوی نے کہا کہ کراچی اور لاہور میں آتشزدگی کے کئی بہت بڑے سانحات رونما ہوئے جن میں نہ صرف سینکڑوں انتہائی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں بلکہ تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا لیکن نہ تو تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا گیا اور نہ ہی سانحے کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی گئی۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ لاہور میں حالیہ سانحہ انارکلی سرکاری محکوں کی بے حسی کی منہ بولتی مثال ہے جبکہ حکومت بھی متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے کام نہیں کررہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انارکلی پلازہ میں آگ لگنے سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا اور بارہ سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا کہ متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا لیکن تاحال تاجروں کی مالی امداد نہیں کی گئی۔

لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ آتشزدگی کے بہت سے سانحات میں بروقت آگ پر قابو پاکر نہ صرف نقصان کی شدت بہت کم کی جاسکتی تھی بلکہ قیمتی جانیں بھی بچائی جاسکتی تھیں لیکن تجاوزات اور ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے امدادی ٹیمیں بروقت جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ان رکاوٹوں کو دور کرے اور مستقبل میں آتشزدگی کے سانحات روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انارکلی آتشزدگی سانحہ سمیت دیگر سانحات کے متاثرین کے نقصان کا فوری طور پر ازالہ کرے۔

متعلقہ عنوان :