پاکستان کی موجودہ قیادت تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ‘ گورنر پنجاب

بدھ 28 جنوری 2015 17:45

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ قوموں کی عظمت اور ترقی کاراز حصول تعلیم میں پنہاں ہے جو قومیں اس راز سے آشنا ہو کر اپنی آنے والی نسلوں کو معیار ی تعلیم سے آراستہ کرتی ہیں انہیں آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ، بدلتے ہوئے عالمی حالات کاتقاضا ہے کہ ہم محض رسمی تعلیم کے حصول پر ہی اکتفا نہ کریں بلکہ خود کو جدید ٹیکنالوجی بہرہ مند کرتے ہوئے تحقیق کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برٹش کونسل کے زیر اہتمام ہائیر ایجوکیشن کے حوالے سے خصوصی سیشن سے خطاب کے دوران کیا -جس میں برطانیہ سے ماہرین تعلیم ، ہائیر ایجوکیشن کے نمائندوں اور محققین نے شرکت کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم اور اقتصادی ترقی کے درمیان گہرا تعلق ہے اور کوئی بھی ملک معاشی ترقی کے اہداف تعلیم کو فروغ دییے بغیر نہیں حاصل کر سکتا۔

(جاری ہے)

معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہمیں نجی شعبے کو فعال کرناہو گا اور مقصد کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیتے ہوئے ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے میرٹ اور معیاری تعلیم کو فروغ حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں برٹش کونسل کا کردار قابل تعریف ہے اور امر خوش آئند ہے کہ صرف پنجاب میں برٹش کونسل اس وقت 27یونیورسٹی کے ساتھ معیار تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ ہمیں برٹش کونسل سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کو فروغ دینا ہو گاخصوصا ترقی یافتہ ملکوں کے ساتھ طلباء ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔چوہدری محمد سر و رنے کہا کہ ملک کی موجودہ قیادت تعلیم کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے یہی وجہ ہے کہ اس شعبے کی ترقی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

تعلیم کے شعبے کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ نئے تعلیمی اداروں کے قیام کے ساتھ ساتھ تحقیق کے بجٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ لاہور میں خصوصی نالج پارک تعمیر کیا جار ہا ہے جہاں ملک کی تمام معیاری یونیورسٹیوں کے کیمپس کھولنے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی یونیورسٹیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدنے پنجاب میں تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی - برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ برٹش کونسل پاکستانی طلباء و طالبات کو برطانیہ کی یونیورسٹیوں تک رسائی میں مدد کے ساتھ ساتھ اب تک ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو تعلیم کے جدید طریقوں سے بھی آشنا کر چکی ہے اور 2018ء تک پنجاب کے مختلف علاقوں سے تین لاکھ پچاس ہزار ایجوکیٹر کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی-