صحافی تنظیموں کی اپیل پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف لاہورسمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

بدھ 28 جنوری 2015 17:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) صحافی تنظیموں کی اپیل پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف لاہور،اسلام آباد،ملتان سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔آل پاکستان سائبر نیوز سوسائٹی،پاکستان ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹ کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ30جنوری جمعہ کو ”یوم حرمت رسولﷺ“ منانے کا سرکاری سطح پر اعلان کیا جائے۔

حرمت رسول ﷺکے تحفظ کے لئے صحافی میدان میں آ چکے ہیں۔چارلی ایبڈو گستاخ میگزین بند کروانے کے خلاف عالمی سطح پر تحریک چلائی جائے اور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف عالمی سطح پر قانون بنوانے کے لئے حکومت اوآئی سی کا ہنگامی طور پر اجلاس بلائے۔صحافی تنظیموں آل پاکستان سائبر نیوز سوسائٹی،پاکستان ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹ،اپڈیٹس گروپ آف پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کے سلسلہ میں لاہور میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد رمضان،آل پاکستان سائبر نیوز سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ممتاز حیدر،کالمسٹ یونین آف پاکستان کے رہنما حبیب اللہ سلفی،اپڈیٹس میڈیا گروپ آف پاکستان کے رہنما ؤں محمد شاہد محمود،عاصم علی،ورلڈ کرائم نیوز سوسائٹی کے رہنما احسن چوہدری و دیگر نے کہا کہ فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے ۔

پاکستان کے صحافی بھی آج ملک بھر میں نکل چکے ہیں اور اس بات کا عزم کر رہے ہیں کہ اس دنیا میں نبی کریم ﷺ کی حرمت سے زیادہ عزیز کوئی چیز نہیں۔حرمت رسولﷺ پر جانیں قربان کرنا ہم اپنے لئے سعادت سمجھتے ہیں۔ملتان میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف صحافی تنظیموں کے زیراہتمام پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن(رجسٹرڈ)ملتان،آل پاکستان سائبرنیوزپیپرسوسائٹی اور سول سوسائٹی کے عہدیداران واراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت فوٹو جرنلسٹ وجنرل سیکرٹری ملتان پریس کلب خالدچوہدری نے کی ۔ اس موقع پرشرکاء نے فرانسیسی میگزین چارلی ایبڈو کیخلاف شدید نعرہ بازی کی اور گستاخاکانہ خاکوں کی اشاعت کوآزادی صحافت نہیں بلکہ مجرمانہ فعل قرار دیا۔ پاکپتن پریس کلب (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام صحافیوں نے سر پرست اعلیٰ مُراد خان عاصم ،چئیر مین شیخ منیر احمدنے پریس کلب سے فرانسسی میگزین کی طرف سے توہین آمیز خاکے شائع کرنے پر احتجاجی ریلی نکالی ریلی کے شرکاء نے احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے انہوں نے توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے فرانسسی میگزین کے خلاف نعرے بازی کی۔

اٹک میں فوارہ چوک میں صحافیوں نے احتجاج کیا۔اس موقع پر ثاقب مصطفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حرمت رسولﷺ پر مر مٹنے کے لئے تیار ہیں۔حکومت گستاخانہ خاکوں کے خلاف رسمی احتجاج کی بجائے ترکی کی طرح فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرے۔کھڈیاں خاص،قصور میں بھی صحافیوں نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف بلدیہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی۔

مظاہرہ میں کھڈیاں پریس کلب کے صدراحمدعلی قیصر،سیکرٹری جنرل صابرعلی بابر،سینئرنائب صدرمحمدسلیم خلیفہ نقشبندی ،بشارت صدیقی،نائب صدرحاجی احمدعلی زرگر،محمدشفیق اکرم جونیجو،فاروق وسیم ملک ،ڈاکٹرلیاقت علی ساجد،مرزافہیم الحسن،محمدعرفان تابانی،محمدجمیل زاہد، رانا ذوالفقار علی زلفی، شرافت علی سمیت دیگر عہدیداران وممبران نے شرکت کی۔

صحافیوں نے ہاتھوں میں بینراورکتبے وغیرہ بھی اٹھارکھے تھے۔جن پرمختلف قسم کے احتجاجی نعرے درج تھے۔اس موقع پر کھڈیاں پریس کلب کے مہر بشارت صدیقی نے کہا کہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنیو الے مغربی ملکوں کے حکمران شان رسالت ﷺ میں گستاخیاں روکیں۔ عالمی سطح پر تمام انبیاء کی حرمت کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائے۔ ایسا کرنے سے ہی دنیا میں حقیقی امن قائم ہو سکتا ہے۔

ستلج پریس کلب ساہوکا ضلع وہاڑی کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی اجلاس زیر صدارت سرپرست سید شفقت حسین شاہ منعقد ہوا،اجلاس میں چیئرمین حاجی غلام مرتضیٰ بھٹی،وائس چیئرمین محمد مجتبیٰ ،صدر ندیم انجم سندھو،جنرل سیکرٹری محمد رفیق شاد،سینئر نائب صدر محمد آصف چوہدری،نائب صدر عبدالروٴف قیصر،جوائنٹ سیکرٹری محمد یار بھٹی،علی محمد جملیرا،ڈاکٹررانا طارق،شاہد مرتضیٰ رحمانی،شیر خان کھچی،منیر احمد ڈاہر،محمد افضل،ریاض احمد جملیرا،فارق احمد پنوار سمیت تمام ممبران و عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ،اور مطالبہ کیا گیا کہ گستاخانہ خاکوں شائع کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے،جنرل سیکرٹری محمد رفیق شاد نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ منظور کرلیا گیا۔بعد ازاں ایک پرامن احتجاج بھی کیا گیا۔ لڈن پریس کلب کا بھی مزمتی اجلاس زیر صدارت چئیرمین لڈن پریس کلب محمد اسلم کملانہ منعقد ہوا جس میں صدر پریس کلب مہر شہادت علی سیال ،سرپرست اعلیٰ غلام کبریا ،میاں نذر خان دولتانہ ،سنئیر نائب صدر محمد مرزا لک ،سیکرٹری جنرل محمداصغر عابد ،وائس چئیرمین محمد افضل دولتانہ ،جوائنٹ سیکرٹری منور حسین رجانہ ،محمد وارث لک ،فہیم کبریا ،امجد مرتضیٰ ،جمشید احمد ممرا ،ضمیر حسین عادل ،مشتاق احمد بھولا ،مشتاق احمد چشتی ،محمد عثمان ثانی سمیت دیگرز عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر صحافیوں نے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور صدر لڈن پریس کلب مہر شہادت علی سیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکے شائع کرنیوالے ممالک کے ساتھ سفارتی سطح پر حکومت پاکستان کو سخت رویہ اپنانا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبا ت مجروح ہوئے ہیں اور مسلمان آقا دو عالم حضرت محمد ﷺ کی شان اور عظمت میں کسی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کریں گے ۔

چکوال میں ڈویژنل یونین آف جرنلسٹ کے تحت بھون چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں عبدالغفور منہاس ودیگر نے شرکت کی۔گوجرانوالہ، ساہوال،سیالکوٹ،بہاولپور،شیخوپورہ و دیگر شہروں میں بھی صحافی تنظیموں کی جانب سے پریس کلب کے سامنے مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

متعلقہ عنوان :