پنجاب سیڈ کارپوریشن نے مکئی کے ہائبرڈ بیج کی فروخت کا آغاز کردیا

بدھ 28 جنوری 2015 17:48

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن اور اُن کی ٹیم کو مکئی کا ہائبرڈ بیج متعارف کرانے کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے مکئی کا ہائبرڈ بیج ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مقابلہ میں انتہائی کم ریٹ پر کسانوں کو دستیاب ہوگااور اس کی فروخت سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی لوٹ مار اور ناجائز منافع خوری کا بھی خاتمہ ہوگا،پنجاب سیڈ کارپوریشن نے مارکیٹ میں مکئی کے ہائبرڈبیج کی فروخت کاباقاعدہ آغاز کردیا ہے ،یہ بیج سائنٹیفک بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن خاقان بابرسے مکئی کے ہائبرڈ بیج بارے بریفنگ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ مکئی کی بمپر کراپ کے لیے صرف پنجاب سیڈ کارپوریشن کا ہائبرڈ بیج کاشت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن گورنمنٹ سیکٹر کا واحد ادارہ ہے جومنافع پر چل رہا ہے اور اسے پچھلے 37سالوں سے کسانوں کا اعتما د حاصل ہے اور اس اعتماد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔

اُنہوں نے منافع خوروں اور جعلی بیج فروخت کرنے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کسانوں کی محنت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور جوپرائیویٹ سیڈکمپنیاں ناجائز منافع خوری اور کسانوں کے خلاف لوٹ مار میں ملوث پائی گئیں انکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :