جیکب آباد،جے یو آئی کی جانب سے ”گستاخانہ خاکے اور دہشت گردی“ کے عنوان کے تحت سیمینار

بدھ 28 جنوری 2015 20:16

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)جمعیت علمائے اسلام جیکب آباد کی جانب سے ”گستاخانہ خاکے اور دہشت گردی“ کے عنوان کے تحت ایک سیمینار صدر مولانا عبدالجبار رند کی صدارت میں ہوا ، سیمینار سے جے یو آئی کے مرکزی رہنما انجینئرعبدالرزاق عابد لاکھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے حواریوں نے پوری دنیا کا امن تباہ کردیا ہے ،امریکہ اور اس کے حواریوں نے عراق ،شام ،لیبیا، افغانستان سمیت دیگرممالک کے مدنیات ،تیل اور دیگر ذخائر پر قبضہ کرنے کے لیے بارود کا استعمال کرکے لاکھوں انسانوں کو بے دردی سے قتل کیا پہلی جنگ عظیم میں 3کروڑ اور دوسری جنگ عظیم میں 6کروڑ انسانوں کو قتل کیا گیا ،انسداد ہشت گردی کے نام پر مظلوم مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے ، اب نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخ خاکے شائع کرکے بڑی دہشت گردی کی گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ امریکہ امن کا دشمن ہے، پاکستان کا امن بھی امریکی پالیسیوں کی وجہ سے تباہ ہوچکا ہے پاکستان نے امریکہ کی نام نہاد جنگ میں شامل ہوکر ہزاروں جانوں کی قربانی دی مگر امریکہ آج پاکستان کی قربانی کو تسلیم کرنے کے بجائے بھارت کے ساتھ ایٹمی اور اقتصادی تعاون کے معاہدے کررہا ہے اس لیے ہمیں امریکی جنگ سے نکل کر اپنی آزاد خارجہ پالیسی اختیار کرنا ہوگی ، سیمینار سے ڈاکٹر اے جی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخ خاکے شائع کرکے تہذیبوں کے درمیان جنگ کرانا چاہتے ہیں ، مغربی ممالک اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ گستاخ خاکے شائع کرکے اس کو اظہار کی آزادی قرار دیا جارہا ہے یہ اظہار کی آزادی نہیں بلکہ اظہار کی بدمعاشی ہے، پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی کرکے اربوں انسانوں کی دل آزاری کی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ قابل مذمت بات یہ ہے کہ پاکستان میں اب تک فرانس کے سفارتخانے موجود ہیں ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانس کے ساتھ تمام تعلقات کو فوراََ ختم کرکے سفارتخانے کو بند کیا جائے، اس موقع پر حماد اللہ انصاری، حاجی عباس بنگلانی ،تاج محمود امروٹی، بقامحمد حیدری ، نور خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔