چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے دورہ چین سے پاکستان اورچائنا کے مابین تعلقات میں مزید بہتری آئے گی،عبدالرحیم جانو

بدھ 28 جنوری 2015 20:44

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آ ف پاکستان کے سابق چیئرمین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدرعبدالرحیم جانو نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے دورہ چین سے پاکستان اورچائنا کے مابین تعلقات میں مزید بہتری رونما ہوگی ، دنیا کے کسی بھی ملک کا 85فیصد تجارتی پارٹنراس کاہمسایہ ملک ہوتا ہے اور پاک چائنا تجارتی لین دین میں پاکستانی چاول بہت اہم کرداراداکرسکتا ہے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے استقبالیہ کے موقع پرکہی اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان کے نائب صدور وسیم وہرہ،شاہ نوازاشتیاق،اکرام راجپوت اور دیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

عبدالرحیم جانو نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ چیلنجوں میں سب سے بڑا چیلنج ہشت گردی اور توانائی بحران کا ہے اور پاکستان میں چائنیز سرمایہ کاروں کی مددسے توانائی بحران کوحل کیا جاسکتاہے جسکے لیے پاک چائنا مشترکہ سرمایہ کاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول دنیا بھر میں اپنے ذائقے اور کوالٹی کے باعث پسندکیے جاتے ہیں اور چائنا پاکستانی چاول کے لیے بڑی مارکیٹ ثابت ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ پاک چائنا تعلقات کابھرپورفائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور چائنا پاکستانی چاول کے لیے اپنی منڈیا ں دستیاب کردیگا جس کے لیے اعلی سطحی تجارتی وفد کو چائنا کا دورہ کرنا چاہیے ۔انہوں نے بتایا کہ چائنا میں چھ تا سات لاکھ ٹن پاکستانی چاول برآمدکیا جاسکتا ہے اور چائنا تھائی لینڈ سے چاول درآمد بھی کررہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چائنا کی آبادی کومدنظررکھتے ہوئے چائنا میں سالانہ بنیاد پر مزید دولاکھ میٹرک ٹن پاکستانی چاول کی گنجائش موجودہے۔انہوں نے فیڈریشن کے عہدیداران کوبتایاکہ گزشتہ مالی سال چائنا کو جولائی 2013تا جون 2014تک صرف128ملین ڈالر مالیت کاتین لاکھ 53ہزار،675میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا۔