کراچی،شاہ لطیف ٹاوٴن میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 کو گرفتار کرلیا گیا،

ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے پولیس کی وردیاں اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں،ایس ایس ملیر، دہشتگرد کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے اور کافی عرصہ سے نواب گوٹھ کے علاقے میں رہائش پذیر تھے،راؤانوار

بدھ 28 جنوری 2015 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاوٴن میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے نقشے سمیت خودکش جیکٹ اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاوٴن کے علاقے نواب گوٹھ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر پولیس کارروائی میں 5 دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات پر پولیس ایس ایس ملیر راوٴ انور کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا۔

دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کردیا۔ جوابی فائرنگ سے 5دہشت گرد مقابلے میں مارے گئے جبکہ 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے 2 تیار خود کش جیکٹس،کلاشنکوفیں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے اور کافی عرصہ سے نواب گوٹھ کے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے پولیس کی وردیاں اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔اس ضمن میں ایس ایس ملیر راؤ انوار نے بتایاکہ نواب گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور آپریشن میں 500 سے زائد پولیس اہلکاروں اور کمانڈوز نے حصہ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی گاڑیاں جیسے ہی علاقے میں داخل ہوئیں تو ملزمان نے دستی بم سے حملہ اورفائرنگ شروع کردی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں پانچوں دہشت گرد مارے گئے۔را ؤانوار نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے جن کے قبضے سے دستی بم، ٹی ٹی پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد نہ صرف پولیو ٹیموں پر حملوں میں ملوث تھے بلکہ گینگ وار کے ساتھ مل کر زمینوں پر قبضے بھی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے۔