پاکستان بھارت سے کئی گناہ مضبوط ملک ہے، ہر قسم کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، پرویز مشرف ،

دہشت گردی کے خاتمے ہی سے ملک میں پائیدار امن قائم ہوسکتاہے،فوج دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے حالت جنگ میں ہے، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثرت اعجاز قادری کی سینئر مرکزی رہنما شاہد غوری کے ہمراہ سابق صدر سے ملاقات

بدھ 28 جنوری 2015 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) سابق صدر اورآل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر)پرویزمشرف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے ہی سے ملک میں پائیدار امن قائم ہوسکتاہے۔ فوج دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے حالت جنگ میں ہے۔ پاکستان بھارت سے کئی گناہ مضبوط ملک ہے اور ہر قسم کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں مرکزی رہنما محمد شاہد غوری اراکین رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ ،سلیم قادری بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر موجودہ ملکی صورتحال اور امریکی صدر اوبامہ کے بھارتی دورے پر تبادلہ خیال کیا ۔سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا کہ امریکی صدر اوبامہ کا بھارت کا دورہ کوئی گھبرانے کی بات نہیں ہے پاکستان بھارت سے کئی گناہ مضبوط ملک ہے اور ہر قسم کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

چین پاکستان کا بہترین دوست ہے ۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف دہشتگردی کے خلاف ہیں اور ملکی سلامتی کیلئے وہ درست سمت سفر کررہے ہیں۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنے اور عوامی مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔اس موقع پر سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں ،ملکی ترقی خوشحالی کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ،دہشتگردوں سے ڈرنے کی بجائے ان کے خلاف آواز بلند کئے ہوئے ہیں ،ہماری دو اعلیٰ قیادتوں کو صرف اس وجہ سے شہید کیا گیا کہ وہ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے آواز حق بلند کئے ہوئے تھے ،ہمارے شہید قائدین نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مکروہ چہرؤں کو بے نقاب کیا اور آج ہم بھی اپنے قائدین کے نقش قدم پر گامزن ہیں اور دہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں ،پاکستان اندرونی اور بیرونی سازشوں اور دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے ،ضرب عضب آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیے۔