حافظ نعیم الرحمن کی پاکستان میں پوپ فرانسس کے نمائندے بشپ جوزف کوٹس سے ملاقات ،پوپ فرانسس کے نام تحریر کیا جانے والا خط دیا

بدھ 28 جنوری 2015 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان میں پوپ فرانسس کے نمائندے اور صدر کتھولک بشپ کونسل آف پاکستان بشپ جوزف کوٹس اور ایگزیکٹو سیکریٹری فیڈریشن آف ایشین بشپ کانفرنس Fr Bonnie Mendesسے سینٹ پیٹرک چرچ میں ملاقات کی اور پوپ فرانسس کے نام تحریر کیا جانے والا خط دیا ،خط میں فرانسیسی رسالے چارلی ہیبڈو میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکے پرپوپ کے مذمتی بیان کی تحسین کی گئی اورکہا گیا کہ چندمغربی ممالک تہذیبی تصادم اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

آج دنیاکو جن مسائل اور چیلنجز درپیش ہیں اس میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پُر امن بقائے باہمی کے دم توڑتے ہوئے اصولوں کو زندہ کیا جائے تا کہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام تمام انبیاء کرام کی تکریم کا درس دیتا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی سطح پر حرمت انبیاء کا قانون بنایا جائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے پوپ فرانسس سے اس امید اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ امن کے قیام اور مذہبی رواداری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز ،سلیم مائیکل ایڈوکیٹ اور پرویزگل بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :