ن لیگ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے وعدے سے منحرف ہو گئی، ڈاکٹر رحیق عباسی،

حکمرانوں کو دہشت گردی کے خلاف ہمارا آواز اٹھانا پسند نہیں،اوکاڑہ میں کارکنوں پر تشدد ہوا، دوبارہ ایسا واقعہ ہوا تو آئی جی پنجاب ذمہ دار ہوں گے ،مرکزی صدر پی اے ٹی

بدھ 28 جنوری 2015 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو دہشت گردی کے خلاف عوامی تحریک کا آواز بلند کرنا پسند نہیں ،پولیس صوبائی حکومت کی ” جنرل ہدایات“ پر ہمارے کارکنوں کو ہراساں کررہی ہے اور ہمیں یہاں کام کرنے سے روک رہی ہے، اوکاڑہ میں ہمارے تنظیم سازی کیمپ پر دو تھانوں کی پولیس نے ملکر حملہ کیا اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا دوبارہ اس طرح کی دہشت گردی ہوئی تو ذمہ دار آئی جی پنجاب ہونگے۔

اسلام آباد میڈیا سیل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر رحیق احمد عباسی جنوبی پنجاب کے 7روزہ دورے پر ہیں،گزشتہ روز وہ ڈی جی خان پہنچے تو وہاں ان کا مقامی عہدیداروں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاکر مزاری،ریاض للیانی،سعید مصطفوی،راجہ ندیم اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے ڈی جی خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ذمہ دار صرف اور صرف پنجاب کے موجود حکمران ہیں جن کے پاس لاہور کی میٹروبس، رنگ روڈ اور رائے ونڈ روڈ کیلئے تو پیسے ہیں مگر ان کے پاس جنوبی پنجاب کے عوام کو صاف پانی ،روزگار دینے کیلئے پیسے نہیں۔

انہوں نے اس موقع پر کارکنوں کو ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ پاکستان عوامی تحریک اقتدار میں آ کر تعمیر و ترقی کا آغاز جنوبی پنجاب سے کرے گی اور جنوبی پنجاب کے ساتھ زیادتیاں کرنے والے حکمرانوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے اور عوام کی محرومیوں کا حساب لیں گے۔ ڈاکٹررحیق عباسی نے کہا کہ ن لیگ نے 3سال قبل پنجاب اسمبلی میں قرارداد پاس کر کے وعدہ کیا تھا کہ وہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے اب تو مرکز میں بھی ن لیگ کی حکومت ہے وہ الگ صوبہ بنانے والا وعدہ پورا کیوں نہیں کررہی؟

متعلقہ عنوان :