ڈی ایٹ ممالک اپنا بینک قائم کریں،تجارتی حجم میں اضافہ کریں:ترک وزیر

جمعرات 29 جنوری 2015 12:21

تہران(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) ترکی کے وزیر برائے ٹیکنالوجی سائنس، صنعت اور ٹیکنالوجی فکری آئسِک نے ترقی پزیر ممالک کی اقتصادی ترقی کی تنظیم ڈی8 پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا بینک قائم کریں۔ایرانی نشریاتی ادارے ”پریس ٹی وی“ کے مطابق انہوں نے تہران میں ڈی ایٹ بلاک کے وزراء سے کہا کہ رکن ممالک کے منصوبوں میں اقتصادی مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے اپنے فنڈ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاک کاکل تجارتی حجم موجودہ عالمی تجارت کا آٹھ فی صد ہے جسے فروغ دے کر 15سے20فی صد تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ ڈی ایٹ ایران، بنگلا دیش، مصر، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی پر مشتمل گروپ ہے۔صنعت،کان کنی اور تجارت کے ایرانی وزیر محمد رضا نے اجلاس میں کہا کہ ترقی پذیر ڈی ایٹ کے گروپ کو نینو ٹیکنالوجی ، ٹیکسٹائل اور قابل تجدید توانائی جیسے مختلف شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری فنڈز ،تبادلہ کی معلومات، تجربات اور ٹیکنالوجی کے لئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ا قتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) جیسی تنظیموں کے تجربات کواستعمال کرنے پر زور دیا۔ ڈی ایٹ ممالک کی مجموعی آبادی تمام مسلم آبادی کا ساٹھ فی صد ہے۔یہ آبادی عالمی آبادی کا تیرہ فی صد ہے۔