فرانس میں مراکشی ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دیدی گئی

جمعرات 29 جنوری 2015 12:24

فرانس میں مراکشی ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دیدی گئی

پیرس(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)فرانس کی اعلیٰ اپیل عدالت نے ایک فرانسیسی،مراکشی ہم جنس پرست جوڑے کو باہمی شادی کی اجازت دے دی ہے اور پراسیکیوٹرز کے اس موٴقف کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مراکش اور دس دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے ہم جنس پرست فرانس میں باہمی شادیاں نہیں کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فرانس میں 2013ء میں ہم جنس پرستوں کی شادی کی قانونی طور پر منظوری دی گئی تھی جس کے بعد مراکشی شہری محمد اور فرانسیسی ڈومنیک نے سرکاری طور پر اپنی شادی کی تیاریاں شروع کردی تھیں لیکن ان کی شادی سے صرف دو روز قبل فرانس کے جنوبی شہر چیمبرے سے تعلق رکھنے والے پراسیکیوٹرز نے قراردیا تھا کہ ان کی شادی نہیں ہوسکتی ہے۔

انھوں نے ایک سرکاری سرکلر کا حوالہ دیا تھا جس میں قراردیا گیا تھا کہ مراکش ،پولینڈ اور لاوٴس سمیت گیارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے شہری فرانس میں اپنے ہم جنسوں کے ساتھ شادیاں نہیں کرسکتے ہیں۔ان ممالک میں ہم جنس پرستوں کی باہمی شادیوں پر پابندی ہے اور انھوں نے فرانس کے ساتھ بھی دوطرفہ سمجھوتوں پر دستخط کررکھے ہیں جن کے تحت ان ممالک کے شہریوں پر لازم قراردیا گیا ہے کہ وہ فرانس میں رہتے ہوئے اپنے آبائی ممالک کے قوانین کا بھی احترام کریں گے۔