مسجد حرام میں 14 بڑ ی سکرینز نصب

جمعرات 29 جنوری 2015 12:35

مسجد حرام میں 14 بڑ ی سکرینز نصب

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) سعودی عرب کی حکومت نے حرمین شریفین کی توسیع کے ساتھ بیت اللہ شریف کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے الیکٹرانک آلات سے استفادہ کرانے کا ایک نیا پروگرام شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر مسجد حرام کے مختلف احاطوں میں چودہ بڑی الیکٹرانک اسکرینیں نصب کی جا رہی ہیں جن کی مدد سے زائرین کعبہ کو اہم معلومات اور رہ نمائی فراہم کی جائے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد حرام کے ڈائریکٹر آپریشنز انجینیر فارس بن مفوز الصآعدی نے میڈیا کو بتایا کہ ادارہ مسجد حرام اور اس کے بیرونی حاطوں کی دیکھ بحال، تحفظ اور زائرین کی رہ نمائی کے لیے جدید الیکٹرانک آلات نصب کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد حرام کے شاہ عبداللہ توسیعی پروجیکٹ کے تحت جہاں ایک طرف مسجد میں زیادہ سے زیادہ حجاج و معتمرین کی گنجائش پیدا کی گئی ہے وہیں اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت اور رہ نمائی کے لیے جدید آلات نصب کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسجد کے الیکٹرک، ٹیکنیکل اور صوتی سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرنے کے ساتھ پرانے آلات کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین، حجاج و معتمرین کی آسانی اور رہ نمائی کے لیے 14 بڑی الیکٹرک LED طرز کی اسکرینیں نصب کی جا رہی ہے۔ تمام اسکرینوں کو وائر لیس انٹرنیٹ سروس "وائی فائی"سے مربوط کیا جائے گا۔ ہر اسکرین کو ایک خاص عنوان کے مطابق نصب کیا جائے گا اور کنٹرول روم سے اس پر دکھائے جانے والے مواد اور رہ نما ہدایات میں حسب ضرورت تبدیلی کی جا سکے گی۔