آزاد کشمیر حکومت نے آزاد کشمیر کو ایجوکیشن سٹی میں بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے‘ مطلوب انقلابی

جمعرات 29 جنوری 2015 13:42

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) آزادکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیاد ت میں آزادکشمیر کو ایجوکیشن سٹی میں بدلنے کاتہیہ کر رکھا ہے ۔اس مقصد کے لئے حکومت نے ڈویلپمنٹ بجٹ کو کٹ لگا کر میڈیکل کالج اور یونیورسٹیاں بنائیں ۔

محکمہ تعلیم میں چار ہزارکے قریب نئی پوسٹیں تخلیق کر رہے ہیں جن پر میرٹ کے مطابق تقرریاں عمل میں لائی جائیں گی ۔کوالٹی آف ایجوکیشن کو بڑھانے کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرکو اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرناہوگا۔اساتذہ قوم کے معمار ہیں ان کے کردار اور ویژن سے نئی نسل کی سمت دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔

(جاری ہے)

کالج اساتذہ کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے آزادکشمیرمیں کالج ٹیچرز اکیڈمی قائم کریں گے۔

ہم تعلیمی اداروں کو سیاسی عمل دخل سے پاک رکھنا چاہتے ہیں ۔آزادکشمیر میں لیٹریسی ریٹ پاکستان سے کہیں بہتر ہے ۔جس کا کریڈٹ یہاں کی جمہوری حکومتوں کو جاتا ہے جنھوں نے ہر حلقہ میں سکول اور کالج بنائے اور لٹریسی ریٹ کو بڑھانے میں اساتذہ کا بھی بڑااہم رول ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آزادکشمیر کالج ٹیچر ز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دوروزہ تعلیمی کانفرنس کے پہلے سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تعلیمی کانفرنس کی صدارت آزادکشمیر کے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمود خان نے کی جبکہ تقریب سے ناظم اعلیٰ تعلیمات کالجز محترمہ پروفیسر شاہین عشائی ،آل پاکستان پروفیسر ز اینڈ لیکچرر ز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر نصر اللہ خان یوسفزئی،صدر ایکٹا پروفیسر چوہدری محمد ایوب ،پروفیسر پروین اختر ،پروفیسر نرگس سعید،پروفیسر سردار اکبر حسین،پروفیسر محمد ظہیر چوہدری، پروفیسر عتیق احمد ہاشمی،پروفیسر خاور ندیم،پروفیسر عتیق الرحمان،پروفیسر راجہ فصیل خان کے علاوہ دیگر مقررین نے نظام تعلیم کی بہتری کے لیے مقالہ جات پڑھے اور تعلیمی ترقی کے لیے تجاویز دیں۔

تعلیمی کانفرنس میں آزادکشمیر بھر سے سرکاری کالجوں کے پروفیسر اور لیکچرز صاحبان اور ماہرین تعلیم نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی نے کہا کہ لیڈر شپ کا ویژن ہی قوم اور ملک کی ترقی کا ضامن ہے۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کا ویژن ہے کہ آزادکشمیرکو حقیقی معنوں میں ایجوکیشن سٹی بنادیاجائے اس مقصد کے لیے انھوں نے ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر تعلیمی اداروں پر خرچ کر رہے ہیں۔

آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز ،یونیورسٹیاں اور کئی انٹر اور ڈگر ی کالجز کا قیام اس سلسلہ کی کڑی ہیں۔انھوں نے کہا کہ بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ کیا جارہا ہے تاہم تعلیمی اداروں سے اس طرح کے نتائج نہیں مل رہے جس کی حکومت اور عوام کو توقع ہے۔انھوں نے کہا کہ معیاری اور بامقصد تعلیم کے لیے یکساں نظام تعلیم اور نصاب کی ضرورت ہے جس کے لیے موجودہ حکومت پوری طرح کوشش کر رہی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تعلیمی اداروں پر حملے کرنے والے ملک دشمن عناصر ملک اور قوم کو کمزور کر کے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پولیٹیکل انسٹیٹیوٹ ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد کی بات کی ۔موجودہ ملکی حالات میں جس طرح ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی کی قیادت نے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر اہم فیصلے کیے جس پر ہمیں حکومت پاکستان کی Bٹیم سمیت باریاں لینے والوں کا طعنہ دیا گیا ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کا ویژن تھا کے موجودہ حالات میں پورے ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد اور اتفاق کا عملی مظاہرہ کیا جائے جو ہم نے کیا۔انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور قیادت نے ہمیشہ پاکستان اور جمہوریت کے استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دیں لیکن اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم اور کشمیری پاکستان کے دفاع ،سلامتی اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں اورپوری قوم دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔

انھوں نے کہا کہ ہم تعلیمی اداروں کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال نہیں کر رہے اور نہ ہی ووٹ حاصل کرنے کے لیے تعلیمی اداروں کو ڈھال بنائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت آزادکشمیر میں 52ہزار کے قریب سرکاری تعلیمی اداروں میں اور 48 ہزار کے قریب پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں طلبہ وطالبات علم حاصل کر رہے ہیں ۔پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس رکھنا حکومت کا کام ہے ۔

پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلباء و طالبات ہمارے بچے ہیں جن کی تعلیم اور تربیت کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر نا ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے لیے سخت پالیسی بنانا ہوگی اور ایڈہاک ازم کو ختم کرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پانچ سو کمپیوٹر آپریٹرز کی ماہانہ تنخواہ پندرہ ہزار سے بڑھا کر چالیس ہزار کردی ۔

محکمہ تعلیم کالجزکی تمام لیکچرر کی پوسٹوں کو پبلک سروس کمیشن میں بھیج دیا جس کے باعث محکمہ تعلیم میں میرٹ پر لیکچرر بھرتی ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ علاقوں اور برادریوں کی سیاست دفن ہوگئی ہے جب سیاست کے اندر میرٹ اورانصاف ہوگا تو نظام بھی بدل جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا معزز ترین طبقہ ہیں جن کے ہاتھ میں ملک اور قوم کو سنوارنے کی کنجی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کالج اساتذہ کے جملہ مسائل حل کرئے گی اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرئے گی ۔انھوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوم اور ملک کی بہتر ی کے لیے پالیسیاں بنائیں اور تجاویز دیں ۔تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہایئر ایجوکیشن محمود خان نے کہا کہ کالج اساتذہ کے مسائل حل ہورہے ہیں ۔

اساتذہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ دیانتداری سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں اور تعلیمی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔تعلیمی پالیسی کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز محترمہ شاہین عشائی نے کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیمی ترقی کے لیے 167کالجز کام کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ ہم نے تعلیمی ترقی کے لیے وزیر اعظم اور وزیر ہائیر ایجوکیشن کی ہدایت پر بڑھے بولڈ سٹیپ اٹھائے ۔

تعلیمی اداروں میں تعلیم دوست ماحول فراہم کیا ۔اساتذہ کے مسائل حل کروائے جس کے باعث تعلیمی نتائج میں بہتری آرہی ہے ۔انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کالج اساتذہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے باعث نظام تعلیم کی بہتری کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے تب جاکر سرکاری تعلیمی اداروں کا وقار بلند ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :