عالمی برادری نے عالمی عدالت انصاف کی فنڈنگ روکنے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی

جمعرات 29 جنوری 2015 13:57

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) عالمی برادری، مغربی ڈونر ممالک نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی فنڈنگ روکنے سے متعلق اسرائیل کی درخواست مسترد کردی۔ اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے مغربی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو امداد فراہم کرنیوالے ممالک نے اسرائیل کی جانب سے دی گئی درخواست کو کوئی اہمیت نہیں دی ہے۔

سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ عالمی برادری عالمی فوج داری عدالت کی فنڈنگ روکنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ اس سلسلے میں اسرائیل کا کوئی بھی مطالبہ قبول نہیں کیا جائیگا۔ یورپ اور شمالی ایشیاء کے ممالک عالمی عدالت انصاف کو سالانہ 158 ملین ڈالر کے فنڈز فراہم کرتے ہیں جو ادارے کی فلاح بہبود اور اس کی ضروریات پر صرف کئے جاتے ہیں ان میں سے نصف رقم صرف 7 ممالک ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جرمنی عدالت انصاف کو فنڈ فراہم کرنیوالا دوسرا بڑا ملک ہے۔ اس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی فوج داری عدالت کے فنڈز روکنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ہے۔ فرانس، برطانیہ اور اٹلی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کے ملک عالمی عدالت انصاف کے فنڈز نہیں روکیں گے۔ اس سلسلے میں ان تینوں ممالک کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

کینیڈا آئی سی سی کو فنڈز فراہم کرنیوالا ساتواں بڑا ملک ہے۔ اس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہیں اسرائیلی وزیرخارجہ آوی گیڈور لایبر مین کی ایک درخواست موصول ہوئی ہے جس میں عالمی فوج داری عدالت کے فنڈز بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے مگر ہم واضح کرتے ہیں کہ اس سلسلے کینیڈا کی پالیسی تبدیل نہیں ہوسکتی ہے۔واضح رہے اسرائیل نے یہ درخواست فلسطین میں اسرائیل کے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے اعلان کے بعد دی تھی۔