مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل سیاسی استحکام کیلئے ناگزیر ہے‘ حریت کانفرنس (ع)

جمعرات 29 جنوری 2015 14:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) حریت کانفرنس (ع) گروپ نے ہندورا ترال میں ایک عسکری معرکے کے دوران شہید ہونے والے دو حریت پسندوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو اس خطے کے سیاسی استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے۔۔ اپنے ایک بیان میں حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے جائز حق کے حصول کیلئے گذشتہ کئی دہائیوں سے جان و مال کی جو عظیم قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں وہ اس بات کی متقاضی ہیں کہ اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور احساسات کے مطابق حل کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی موجودگی کی وجہ سے گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہاں کسی نہ کسی صورت میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا رہا ہے اور اس مسئلے کی وجہ سے ہی بھارت اور پاکستان کے درمیان موجودہ سرحدی کشیدگی اس خطے کے کروڑوں عوام کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو زور زبردستی کی پالیسی سے دبانے کی بجائے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے مسئلے سے منسلک تینوں فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس بارہاء اس بات کا اعادہ کرچکی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مخاصمت پر مبنی تعلقات کا اس وقت تک خاتمہ نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر و حتمی طور پر حل نہیں کرلیا جاتا۔ ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے کے کروڑوں عوام کے وسیع تر مفاد میں اس مسئلے پر روایتی سیاست کرنے کی بجائے اس کے دائمی اور منصفانہ حل کیلئے نیک نیتی اور سیاسی جراتمندی کیساتھ آگے بڑھنے کے سواء کوئی چارہ نہیں