حکومت جمہوریت ،مثبت سیاسی روایات پر یقین رکھتی ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 29 جنوری 2015 14:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ گلگت بلتستان میں شفاف اور غیر جانبدار انتخاب کرانا ہے۔ نگران کابینہ کو چاہیے کہ شفاف اتنخابات کے لیے ماحول سازگار بنائے اور راستہ ہموار کرے۔ وفاق نے گلگت بلتستان کو چیف الیکشن کمشنر اور نگران وزیراعلیٰ کی صورت میں ایسے اشخاص دیے ہیں جن پر پورا خطہ اعتماد کرتاہے۔

جس طرح ہم نے وزیراعلیٰ پر اعتماد کیا اسی طرح انہوں نے نگران وزراء پر اعتماد کیا۔ امید ہے کہ نئے وزراء ان کے اور ہمارے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں کیا۔ گلگت بلتستان کابینہ نے وزیراعلیٰ شیر جہان میر کی قیادت میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مختلف انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

کابینہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت امید کرتی ہے کہ نگران کابینہ خطے کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت اور مثبت سیاسی روایات کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ وہی سیاسی تبدیلی دیرپا اور مفید ہوتی ہے جو جمہوری طریقے سے آئے۔ شفاف انتخابات جمہوریت کی کنجی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ امر قابل ستائش ہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ کے پہلے جمہوری ڈھانچے نے نہ صرف کامیابی سے 5سال مکمل کیے بلکہ خوشگوار یادیں بھی چھوڑیں۔

چونکہ پاکستان اکثر و بیشتر آمریت کے نرغے میں رہا اس لیے پاکستان اور گلگت بلتستان میں جمہوری روایات کو مزید مضبوط کرنے اور سیاستدانوں کی سیاسی تربیت کی ضرورت ہے۔ اس کے باوجود گلگت بلتستان کی نوزائیدہ اسمبلی کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ گلگت بلتستان کابینہ کے وفد میں حاجی ثناء اللہ، قلب علی، نعمت اللہ، عنایت اللہ اور محمد مشتاق وغیرہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :