بھارت نے پاکستان سے معاشی جنگ کا آغاز کردیا ہے ، ٹیکسٹائل مالکان

جمعرات 29 جنوری 2015 14:54

بھارت نے پاکستان سے معاشی جنگ کا آغاز کردیا ہے ، ٹیکسٹائل مالکان

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) ٹیکسٹائل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان سے معاشی جنگ کا آغاز کردیا ہے جس سے حکومت کے پاس کسٹم ریبیٹ اور سیلز ٹیکس کی مد میں برآمد کنندگان کے 205ارب روپے پھنس گئے ہیں، حکومت یہ رقم جاری کرے۔پاکستان اپیریل فورم کے چیئرمین جاوید بلوانی اور چیئرمین ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ بجٹ کو 7ماہ گزر گئے ہیں لیکن ٹیکسٹائل پالیسی پیش نہیں کی گئی۔

جی ایس پی پلس حاصل تو کرلیا گیا لیکن دنیا میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں مقابلے کیلئے حکومت وہ کام نہیں کر رہی جو بھارت اور بنگلہ دیش کی حکومتیں کررہی ہیں۔ زبیرموتی والا نے کہا کہ جی ایس پی پلس ملنے کے بعد ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 6فیصد کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

کسٹم ریبیٹ، سیلزٹیکس کی مد میں صنعتکاروں کے 205ارب روپے وزیر خزانہ کے پاس ہیں لیکن وہ صنعتکاروں کو نہیں دیئے جارہے ہیں۔

ڈینم مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اختیار بیگ نے کہا ہے کہ 2009ء سے 2014ء تک ٹیکسٹائل پالیسی پیش کی گئی جو انتہائی کارآمد تھی لیکن وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وجہ سے نہ پالیسی پیش کی جاسکی ہے نہ تاجروں کی پھنسی ہوئی رقم ادا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے تاجروں کو وہ تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے جن سے وہ عالمی دنیا میں اپنی تجارت کو بڑھا سکیں لیکن یہاں صورتحال بالکل برعکس ہے۔

متعلقہ عنوان :