نیوزی لینڈ میں کرکٹ کے عالمی میلے کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں زور و شور سے جاری

جمعرات 29 جنوری 2015 15:09

ویلنگٹن( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) نیوزی لینڈ میں کرکٹ کے عالمی میلے کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جس کے لیے خصوصی نغمہ بھی تیار کیا جارہا ہے۔ نغمے کے پس منظر میں زلزلے کی تباہ کاریوں کے مناظر شامل ہیں۔ گلوکارہ ہیلے ویسٹینر ریہرسل کے لیے لندن سے آکلینڈ پہنچ گئیں۔ورلڈ کپ کے مشترک میزبان نیوزی لینڈ میں میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب ہیگلے پارک آکلینڈ میں بارہ فروری کو ہوگی۔

اسی روز آسٹریلیا کے شہر میلبرن مین بھی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ کیویز کے دیس میں افتتاحی تقریب کے شایان شان انعقاد کی تیاری بھرپور انداز سے جاری ہیں۔ تقریب کے خصوصی نغمے میں گلوکارہ ہیلے ویسٹینر اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔ وہ اس نغے کی ریہرسل کے لیے لندن سے آکلینڈ پہنچ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

خصوصی نغمے کے بیک گراوٴنڈ میں کرائسٹ چرچ میں زلزلے کی تباہ کاری کے مناظر شامل کیے گئے ہیں جبکہ بچے کورس میں اسٹینر کا ساتھ دیں گے۔

ہیلے ویسٹینر کی کرائسٹ چرچ سے جذباتی وابستگی ہے۔ وہ یہاں دو ہزار گیارہ میں آنے والے زلزلے کو اب تک بھلا نہیں پائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی سرزمین اور لوگوں کے سامنے پرفارم کرنے کا موقع ملاہے جس پر وہ بے حد خوش اور کافی پرجوش ہیں۔ ورلڈ کپ کا نغمہ گانا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔تقریب میں ہزار افراد ہیگلے پارک میں موجود ہوں گے جبکہ لاکھوں ناظرین اپنے ٹی وی اسکرین پر اسے براہ راست دیکھیں گے۔ تقریب کے ڈائریکٹر جوناتھن الویر کا دعویٰ ہے کہ ویسٹینر کی پرفارمنس پر لوگوں کے لیے اپنے اشکوں پر قابو پانا مشکل ہوگا۔ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹرز سر رچرڈ ہیڈلی اور اسٹیفن فلیمنگ بھی پرفارم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :