لائیوسٹاک پالیسی میں شارٹ ، میڈیم اور لانگ ٹرم اقدامات تجویز کئے جا رہے ہیں‘ ملک محمد اقبال چنٹر

جمعرات 29 جنوری 2015 15:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمداقبال چنڑ نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک سیکٹر کو قومی معیشت میں بنیادی حیثیت حاصل ہے، اس شعبے کو ترقی دے کر جہاں روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں وہاں صوبے کی معیشت کوبھی مضبوط کیا جاسکتا ہے، ہماری بڑی دیہی آبادی کا روزگار بھی لائیوسٹاک سیکٹر سے وابستہ ہے، لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے مختلف پروگراموں کابزنس ماڈل مرتب کیا جا رہاہے اور دیہی نوجوانوں کو آسان شرائط پرچھوٹے قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے قابل عمل ماڈل بنایا جائے گا، لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے مقررکردہ اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف وفود سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس مقصد کیلئے موٴثر اقدامات کئے جائیں گے۔ لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس کے قیام سے نہ صرف شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق گوشت کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی مذبحہ خانوں اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جارہا ہے اور انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کی خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن مہم موٴثر انداز میں جاری رکھنے کے سلسلے میں اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے۔ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر کی جدید اور پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کے تجربات اور خدمات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک پالیسی میں شارٹ ، میڈیم اور لانگ ٹرم اقدامات تجویز کئے جا رہے ہیں۔