بورڈ کی منظوری سے ٹرسٹ کی زمینوں کی پٹہ داری کی معیاد بڑھا کر چھے اور دس سال کی جائیگی ‘صدیق الفاروق

کسانوں کو سولر انرجی ،ٹیوب ویل اورکاشتکاری کیلئے قرضہ دیں گیں، پنجاب حکومت کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، تمام زونل ایڈمنسٹریٹرز/ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز 30جون تک اپنے اہداف مکمل کر یں‘چےئرمین متروکہ وقف املاک بور ڈ کااجلاس سے خطاب

جمعرات 29 جنوری 2015 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاورق نے کہا ہے کہ بورڈ کی منظوری سے ٹرسٹ کی زرعی زمینوں کی پٹہ داری کی معیاد بڑھا کر چھے اور دس سال کی جائیگی اورکسانوں کو سولر انرجی ،ٹیوب ویل اورکاشتکاری کیلئے قرضہ دیں گے ، اس ضمن میں پنجاب حکومت کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گیں ،تمام زونل ایڈمنسٹریٹرز/ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز 30جون تک اپنے احداف مکمل کر یں،جو اپنا مطلوبہ حدف پورا کرے گا اسے ایک ماہ کی تنخواہ خصوصی بونس کے طور پر دی جائے گی اور کوتاہی و ناکام رہنے والے کے خلاف نہ صرف ڈسپلنری ایکشن ہو گا بلکہ اسکی انکریمنٹ بھی روک لی جائیں گی ،زونل ایڈمنسٹریٹر بورڈ کی پالیسی پر عملدرآمد کروانے کا ذمہ دار ہو گا تمام افسران بورڈ کی ریکوری /آمد ن بڑھانے اور کرپشن کے خاتمہ میں میرا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں لاہور کراچی ،ملتان ،فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،رالپنڈی،اور سکھرکے زونل ایڈمنسٹریٹر /ڈپٹی و اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ٹرسٹ کی زمین اور پراپرٹی کا کوئی بھی غیر قانونی استعمال نہیں کر سکے گا اور ناجائز قابضین سے ٹرسٹ کی پراپرٹی کا قبضہ واپس لینے کیلئے تمام قانونی و انتظامی اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹرسٹ کے بگڑے ہوئے معاملات کو درست کرنا میری اولین ترجیحی ہے، اسکی آمدنی بڑھانے کیلئے بنجر زمینوں کو بھی زیر استعمال لایا جائیگا۔تاکہ نہ صرف ٹرسٹ کی آمدن میں اضافہ ہو بلکہ یہ ملک کے اہم منافع بخش اداروں میں شمار ہونے لگے ۔یہ ادارہ میرے پاس امانت ہے اور میں اس میں کسی صورت خیانت نہیں ہونے دوں گا آپ نے میرے ساتھ مل کر کرپشن کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ ایسے مثالی اقدامات کرنے ہیں جس سے اس ادارے کی نیک نامی میں نہ صرف اضافہ ہو بلکہ لوگ اسے اچھے نام اور مقام سے جاننے لگیں۔

چیئرمین بورڈ نے افسران سے کہا کہ وہ پراپرٹی کے کرایوں کی وصولی کیلئے کرایہ داروں کو قائل کریں ۔ اگر ہمارے ادارے کی آمدن میں اضافہ ہوگا تو اسکا فائدہ تمام ملازمین کو ملے گا۔ بورڈ و ملازمین کی 50فی صد مالی معاونت کے ذریعے ایسی سکیم تیار کی جائے جس سے بعد از ریٹائر منٹ ملازمین کو فلیٹس بھی دیئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی زمینوں اور پراپرٹی پر کمرشل پلازے تعمیر کیے جائیں گے تاکہ بور ڈکے آمدن میں اضافہ ہو سکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ٹرسٹ کی پراپرٹی لیز پر لینے والوں کو بورڈ خود قبضہ لیکر دے گا۔ بعد ازاں چیئرمین بورڈ نے ٹرسٹ کی لینڈ اینڈپراپرٹی سمیت دیگر ضروری ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے اور ویب سائٹ کی تیاری کے مراحل کو جلد ازا جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔اجلاس میں سیکرٹری خالد علی ، SOظفر اقبال، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن آصف رضا شیخ ،چوہدری محمد بوٹا، ثناء اللہ خان ، رانا طارق جاوید ،غلام سرور، عظمیٰ شہزادی،منیر احمد، شبانہ آفرین ، ارشد سلیم سمیت بورڈ کے دیگر افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :