کمالیہ ،ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ، کارسوار ڈاکوؤں کے گروہ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا

جمعرات 29 جنوری 2015 19:30

کمالیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)کمالیہ اور گردو نواح میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ، کارسوار ڈاکوؤں کے گروہ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ اور گرد ونواح میں ڈکیتی ، چوری ، موبائل، موٹر سائیکل، نقدی چھینے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے۔ کار سواروں کا ایک گروہ آج کل کمالیہ کے شہریوں سے لوٹ مار کرکے آسانی سے فرار ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ چند ایام میں متعدد وارداتیں دیکھنے میں آئی ہیں جن میں مذکورہ افراد کار پر سوار ہو کر خریدار بن کر آتے ہیں اور دوکانوں، میڈیکل سٹوروں، جنرل سٹوروں ، موبائل شاپس و دیگر دوکانوں پر واردات کر کے نہایت آسانی سے فرار ہو جاتے ہیں۔ جن میں ضیاء روڈ پر میڈیکل سٹور ، سٹاپ نمبر 3 کے قریب قصوری ملک شاپ ، ریلوے اسٹیشن کے قریب جنرل سٹور سمیت دیگر مقامات پر بھی وارداتیں ہو چکی ہیں ۔ شہریوں میں اس کارسوار ڈکیت گروہ کی وجہ سے شدید اضطراب اور خوف ہو ہراس پایا جاتا ہے۔ ڈی ایس پی کمالیہ ملک محمد عثمان نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ ان وارداتوں کو بہت جلد ٹریس کر لیا جائیگا۔