کمالیہ ،غیر معیاری اور ناقص میٹریل سے فروٹ چاٹ ، دہی بھلے، بریانی، سویٹ شاپ ، مٹھائیاں، تیار ہونے لگیں

جمعرات 29 جنوری 2015 20:16

کمالیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)کمالیہ میں غیر معیاری اور ناقص میٹریل سے فروٹ چاٹ ، دہی بھلے، بریانی، سویٹ شاپ ، مٹھائیاں، تیار ہونے لگیں، متعدد شہری اور بچے موذی امراض کا شکار، مستقل بنیادوں پر کوئی کاروائی نہیں کی جاتی، عرصہ دراز سے ان عناصر کے خلاف کوئی کاروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے بازاروں میں فروٹ چاٹ، دہی بھلے ، بریانی ، مٹھائیاں ، سموسے پکوڑے بیچنے والے افراد کی بھرمار ہے۔

مگر شہریوں کی طرف سے متعدد شکایات کے مطابق افراد ملاوٹ والی اشیاء ، گلے سڑے پھل، گلی سڑی سبزیاں، ناقص گھی اور ناقص اشیاء استعمال کرتے ہیں۔ جبکہ متعدد بیکریوں اور سویٹ شاپس کے کارخانوں میں صفائی کا ناقص انتظام ہے۔ اور بیکریوں کی طرف سے خراب انڈے استعمال کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان مضر صحت اشیاء کے استعمال سے شہری اور بچے متعدد موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

جبکہ ڈاکٹرز نے بھی ان مضر صحت اشیاء کے استعمال کو معدہ کیلئے زہر قاتل قرار دیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق کمالیہ میں معدے کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے، جس کی بڑی وجہ یہ ناقص اشیاء ہو سکتی ہیں۔ اس بارے میں متعلقہ محکمہ کی طرف سے کوئی مستقل حل نہیں نکالا جاتا۔ تاہم ماضی میں کبھی کبھار کاروائی دیکھنے میں آتی تھی جو کہ اب عرصہ دراز سے نہیں دیکھی گئی۔تاہم ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کمالیہ ڈاکٹر نعیم احمد خاں کا کہنا ہے کہ ناقص اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری تھا اب بھی کریں گے۔