دور دراز علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘محب اللہ خان

جمعرات 29 جنوری 2015 20:28

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ،کوآپریٹوا ور فشریز محب اللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے حلقہ پی کے ۔83سوات کو ترقی دے کر اسے دیگر ترقیافتہ علاقوں کے برابر لانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معززین سوات کے ایک نمائندہ وفد سے اپنے دفتر پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد نے سوات میں عوام کو صحت ، تعلیم ،مواصلات اور صفائی جیسے درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سوات میں پہلے ہی سے کئی ایک ایسے منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن کی تکمیل سے عوام علاقے میں واضح اور نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے اپنے ووٹ کی طاقت سے عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ کبھی بھی اس بھروسے کو ٹوٹنے نہیں دیں گے اور جلد ہی عوام جان لیں گے کے سوات میں ترقیاتی امور کس تیزی سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام کو ٹرخانے کی ماضی کی پالیسی ختم ہو چکی ہے اب عوام با شعور ہیں اور خالی خولی نعرے نہیں بلکہ عملی کام چاہتے ہیں جو ان کا حق ہے کیونکہ حکومت ان ہی کے مینڈیٹ سے قائم ہوتی ہے اور سرکاری خزانہ میں موجود پیسہ بھی ان ہی کے خون پسینے کی کمائی ہوتی ہے جسے ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جانا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سرکاری خزانے کے شفاف استعمال اور منصوبوں میں اعلیٰ معیار کی برقراری کو یقینی بنایا ہے ۔

محب اللہ خان نے کہا کہ عوام تمام جاری منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور کہیں پر بھی کام میں غیر معیاری یا سست روی پائیں تو اس کی فوری اطلاع انہیں کریں تاکہ غفلت اور بد عنوانی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لا کر آئند ہ کیلئے ایسی نا خوشگوار کاروائیوں کا سدباب کیا جا سکے۔